ثقلین مشتاق ورلڈ کپ میں سعید اجمل کی شرکت کیلئے پُرامید

اسپنر نے سخت محنت سے بولنگ ایکشن کو کافی حد تک بہتر بنا لیا، سابق اسٹار


نسیم صدیقی November 11, 2014
سعید اجمل کے بالنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوں گے، سابق اسٹار۔ فوٹو: فائل

KIEV: سابق اسٹار ثقلین مشتاق آف اسپنر سعید اجمل کی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پُرامید ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ سعید اجمل نے سخت محنت سے بولنگ ایکشن کو کافی حد تک بہتر بنا لیا ہے اور انکے بالنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوں گے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق نے نمائندہ ''ایکسپریس نیوز'' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری زیر نگرانی سعید اجمل نے ایکشن بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کی، ہم سب کی نظریں لفبرا میں نجی طور پر ان کے ٹیسٹ پر لگی ہوئی ہیں، امید ہے کہ وہاں سے بھی حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ سعید اجمل جیسے بولر کسی وقت بھی میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں، پاکستانی عوام سمیت ہم سب دعا گو ہیں کہ ان پر عائد پابندی جلد از جلد ختم ہوجائے۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ یونس خان کی موجودگی سے جونیئر کھلاڑیوں کو ہمیشہ فائدہ ہوتا ہے، ورلڈ کپ جیسے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کے لیے تجربہ کار کھلاڑیوں اور ٹیم ورک کی ضرورت ہے، پاکستانی سائیڈ کے بارے میں تمام ماہرین اور تجزیہ نگار اس بات پر متفق ہیں کہ یہ کسی بھی ٹیم کو کسی بھی صورتحال میں اپ سیٹ کرسکتی ہے، انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں تمام کھلاڑی متحد ہوکر کھیلے تو گرین شرٹس چیمپئن بن جائیں گے۔

ایک سوال پر سابق اسٹار نے کہا کہ کھلاڑیوں میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے ہیں لیکن جب گرین شرٹس زیب تن کرکے میدان میں اتریں تو صرف ملک کی جیت ہی دل ودماغ میں ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، لیگ اسپنریاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کی کارکردگی حوصلہ افزاء ہے۔

ایک سوال پر ثقلین مشتاق نے کہاکہ میچ وننگ کھلاڑیوں کو ایک خراب پرفارمنس پر ٹیم سے باہر نہیں کرنا چاہیے، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہوتا کہ وہ بیکار ہوگیا ہے،شاہد آفریدی بہترین آل رائونڈر ہیں، انھوں نے اپنی بولنگ پر بھی خصوصی توجہ دی،ورلڈ کپ میں انھیں ضرور کھلانا چاہیے۔ ''دوسرا'' کے موجد نے پاکستانی ٹیم کو پیغام دیا کہ جب وہ آسٹریلیا جیسی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے تو کسی بھی حریف کو ہرانا مشکل نہیں ہوگا، لہذا ورلڈکپ میں فتح پر نظریں مرکوز کی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں