ابوظہبی ٹیسٹ نیوزی لینڈ کی ٹیم 262 پر آؤٹ پاکستان نے دوسری اننگز میں بغیر نقصان کے 15 رنز بنا لیے

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر راحت علی رہے جنہوں نے 22 رنز دے کر 4 اورذوالفقار بابر نے 3 وکٹیں حاصل کیں


ویب ڈیسک November 11, 2014
کپتان برینڈم میکولم 18، کین ولیمسن 3 اور روس ٹیلر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ فوٹو: گیٹی امیجز

FAISALABAD:

3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 262 رنز پرآؤٹ ہوکر فالوآن کا شکار ہوگئی تاہم پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فالوآن دینے کی بجائے دوسری اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کسی وکٹ کے 15 رنز بنا لیے، اس طرح پاکستان کو مجموعی طور پر 319 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔


ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 15 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو کھیل کے پہلے گھنٹے میں ہی 3 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ کپتان برینڈم میکولم 33 کے مجموعی اسکور پر 18 رنز بنانے کے بعد ذوالفقار بابر کا شکار بن گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز کین ولیمسن بھی زیادہ دیر کریز پر رک نہ سکے اور 3 رنز بنانے کے بعد راحت علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ مڈل آرڈر بلے باز روس ٹیلر بھی بغیر کوئی رنز بنائے 47 کے مجموعے پر ذوالفقار بابر کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔

چوتھی وکٹ کی شراکت میں اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم نے کوری اینڈریسن کے ساتھ 83 رنز جوڑے اور ایک مضبوط پارٹنر شپ قائم کی ہی تھی کہ 130 کے مجموعے پراینڈریسن 48 رنز بنانے کے بعد راحت علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور نئے آنے والے بلے باز جیمز نیشم بھی 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کیویز بیٹسمینوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفت وقفے سے جاری رہا اور پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوکر فالوآن کا شکار ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر راحت علی رہے جنہوں نے 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ذوالفقار بابر نے 3 اور یاسر شاہ اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے پہلی اننگز کی 304 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا اور کھیل کے اختتام پر بغیر وکٹ کھوئے 15 رنز بنا لیے ہیں۔ اظہر علی 9 اور محمد حفیظ 5 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ احمد شہزاد کی زخمی ہونے کی وجہ سے اظہر علی نے محمد حفیظ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 566 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی جس میں یونس خان، مصباح الحق اور احمد شہزاد کی شاندار سنچریاں شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |