صحافیوں کیلیے ابتدائی طبی امداد کی تربیت وقت کی ضرورت ہے

ٹریننگ ورکشاپ فار میڈیا پریکٹشنرز کے اختتامی سیشن سے جی ایم جمالی ودیگر کا خطاب۔


Staff Reporter September 30, 2012
ٹریننگ ورکشاپ فار میڈیا پریکٹشنرز کے اختتامی سیشن سے جی ایم جمالی ودیگر کا خطاب۔ فوٹو: فائل

کراچی یونین آف جرنلسٹ کے صدر جی ایم جمالی نے کہا ہے کہ شہر میں جاری کشیدہ حالات، بم دھماکے جلائوگھیرائو سمیت دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلیے صحافیوں کو ابتدائی امداد کی تربیت دینے پر پاکستان ریڈکریسنٹ سوسائٹی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ابتدائی طبی امداد کی تربیت ضروری ہوگئی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی جانب سے تین روزہ فرسٹ ایڈ ٹریننگ ورکشاپ فار میڈیا پریکٹشنرز کے اختتامی سیشن میںکیا، کے یو جے کے صدر جی ایم جمالی نے کہا کہ ہر سال متعدد صحافی اور کیمرہ مین اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران زخمی ہورہے ہیں جبکہ بیشتر دوران کوریج زندگی کی بازی بھی ہار گئے، انھوں نے کہاکہ صحافیوں کو ابتدائی طبی امدادکی تربیت فراہم کی جائے تو اس شرح میںکمی ہوسکتی ہے، اس موقع پر انھوںنے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ شہر میں ٹراما سینٹر تعمیر کرے جس پر پی آر سی ایس کے عہدیداروں نے بتایا کہ مزار قائد کے نزدیک ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی عمارت پر ان کا ٹراما سینٹر زیر تعمیر ہے جوکہ آئندہ6 ماہ تک فعال ہوجائے گا۔

قبل ازیں ٹریننگ کے دوران پی آر سی ایس کی ٹرینر ڈاکٹر رضوانہ واصف نے صحافیوں کو ٹریننگ کے دوران کسی حادثے کے دوران محفوظ رہنے کیلیے بنیادی اصول، کسی ایمرجنسی کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانا، بیسک لائف سپورٹ، بم دھماکوں کے دوران زخمیوںکو امداد فراہم کرنا، جھلسے ہوئے افراد کو امداد فراہم کرنا سمیت دیگر معلومات تفصیلی فراہم کیں، اس موقع پر پی ایف یو جے کے جنرل سیکریٹری امین یوسف، ڈاکٹر فاروق میمن، ذوالفقار قائم خانی و دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں