دہشتگردوں کو ملک کے کسی کونے میں جگہ نہیں دی جائے گی پاک فوج کا عزم

دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، کورکمانڈر کانفرنس کے شرکا کا عزم

نقل مکانی کرنے والوں کی ہر ممکن مدد کریں گے، جنرل راحیل شریف ۔ فوٹو: آئی این پی

پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس میں اعلیٰ ترین عسکری قیادت نے اس عزم کا ظہار کیا ہے کہ دہشتگردوں کو ملک کے کسی کونے میں بھی جگہ نہیں دی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں 176ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس کی سربراہی آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کی۔ کانفرنس کے دوران شرکا کو ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں آپریشن ضرب عضب اور خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن خیبر ون سے متعلق آگاہ کیا گیا۔کورکمانڈر کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، اور انہیں ملک کے کسی کونے میں بھی جگہ نہیں دی جائے گی۔


آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں قربانیاں دینے والے جوانوں کی جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے اس میں اب تک کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران نقل مکانی کرنے والوں کی مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور ان کی جلد گھروں کو واپسی کے لئے مدد کی جائے گی۔

 
Load Next Story