سانحہ خیرپور کا مقدمہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے خلاف درج

خیرپورحادثے کیخلاف دائر درخواست پر ہائیکورٹ سکھر بنچ نے آئی جی موٹروے، چیئرمین این ایچ اے کو 26 نومبر کو طلب کرلیا۔


ویب ڈیسک November 12, 2014
ایس ایچ او عامریوسفزئی کی مدعیت میں تھانہ شاہ حسین میں درج مقدمے میں این ایچ اے افسران اورعملے کو نامزد کیا گیا۔ فوٹو؛ اے ایف پی

سانحہ خیرپورکا مقدمہ 31 گھنٹے بعد درج کرلیا گیا جس میں سانحہ کا ذمہ دار نیشنل ہائی اتھارٹی کے افسران اور عملے کو قرار دیا گیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایچ او عامر یوسفزئی کی مدعیت میں تھانہ شاہ حسین میں سانحہ خیرپور کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں واضح طور پر سانحہ کا ذمہ دار نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو قرار دیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی مسعود احمد بنگش کا کہنا ہے کہ سڑک خراب ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا جبکہ مقدمے میں این ایچ اے افسران اورعملے کو نامزد کیا گیا ہے جن کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے اور عملے کی فوری گرفتاری کے لئے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔


دوسری جانب ایڈووکیٹ حاجی شمس الدین راجپر کی جانب سے سکھر ہائیکورٹ بنچ میں پٹیشن دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیشنل ہائی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور سانحہ خٰیرپور بھی اسی کا نتیجہ ہے جس کے ذمہ داری نیشنل ہائی وے کے اعلی افسران ہیں۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے چیئرمین این ایچ اے اسلام آباد، آئی جی موٹروے اور جی ایم این ایچ اے کو 26 نومبر کو طلب کرلیا۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور سے کراچی آنے والی مسافر بس ٹھیٹری بائی باس کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 59 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں