ایکسپورٹ 4 ماہ میں 8 ارب ڈالر بھی نہ ہوسکی تجارتی خسارے میں 49 فیصد اضافہ

جولائی تا اکتوبر برآمدات6.8 فیصد کمی سے7 ارب97 کروڑ، درآمدات 16 فیصد بڑھ کر 16 ارب 78 کروڑ اور تجارتی خسارہ۔۔۔


Business Desk November 13, 2014
گزشتہ ماہ برآمدات 1 ارب 95 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، درآمدات 4 ارب 26 کروڑ 60 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 2 ارب 30 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، بیورو شماریات فوٹو: فائل

پاکستانی برآمدات میں کمی کا تسلسل اکتوبر میں بھی برقرار رہا جس کی وجہ سے برآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 4ماہ کے دوران 8 ارب ڈالر کی سطح تک بھی نہیں پہنچ سکیں اور ماہانہ اوسط ایکسپورٹ 2 ارب ڈالر سے بھی کم ہوگئی حالانکہ پاکستان کو یورپی یونین کی جانب سے تجارتی مراعات بھی دی گئی ہیں۔

اگرچہ پاکستانی حکومت مسلسل دعویٰ کر رہی ہے کہ یورپی یونین کے جی ایس پی پلس اسٹیٹیس سے پاکستانی ایکسپورٹ کو فائدہ ہو رہا ہے تاہم ملک کے اہم برآمدی شعبے ٹیکسٹائل کا کہنا ہے کہ توانائی بحران، مہنگی انرجی، سیاسی عدم استحکام اور بدامنی کی وجہ سے یورپی مراعات سے فائدہ اٹھانے کا وقت ہاتھ سے نکلا جا رہا ہے خصوصاً پنجاب میں انڈسٹری کو مسلسل بجلی اور گیس نہ ملنے کی وجہ سے انڈسٹری پیداواری صلاحیت کے مطابق نہیں چل پا رہی اور برآمدی آرڈرز بھی بروقت پورے نہیں کیے جا رہے۔

پاکستان بیوروشماریات کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران پاکستانی ایکسپورٹ 8 ارب ڈالر سے کم رہی، جولائی سے اکتوبر تک 7ارب 97 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی اشیا مختلف ممالک کو برآمد کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 6.86 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایکسپورٹ 8 ارب 55 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی تھی، اس طرح حقیقی معنوں میں پاکستانی ایکسپورٹ میں 58 کروڑ70 لاکھ ڈالر کی کمی ہوچکی ہے جبکہ اس دوران درآمدات 16.09 فیصد کے نمایاں اضافے سے 16 ارب78 کروڑ50لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 14ارب 45 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔

برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کے نتیجے میں جولائی سے اکتوبر2014 تک تجارتی خسارہ 49.37 فیصد بڑھ کر 8 ارب 81 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 5 ارب 90 کروڑ ڈالر تک محدود تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر2014 میں برآمدات 1 ارب 95 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، درآمدات 4 ارب 26 کروڑ 60 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 2 ارب 30 کروڑ 90لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جو اکتوبر 2013 کے مقابلے میں بالترتیب 4.99 فیصد، 30.02 فیصد اور 62.95 فیصد زیادہ ہے۔

اکتوبر 2013 میں برآمدات 1 ارب 86 کروڑ40 لاکھ ڈالر، درآمدات 3 ارب 28 کروڑ 10 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 1ارب 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر کے دوران برآمدات 10.27 فیصد، درآمدات 6.47 اور تجارتی خسارہ 2.98 فیصد کم رہا، ستمبر 2014 میں برآمدات 2 ارب18 کروڑ 10 لاکھ ڈالر، درآمدات 4 ارب56 کروڑ 10 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 2 ارب 38 کروڑ ڈالر رہا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں