مسلسل پانچویں اننگز ڈیکلیئرڈ نیا قومی ریکارڈ قائم

حفیظ 15 برس بعد دونوں اننگز میں90 پلس اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے

مسلسل 6 اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کا عالمی ریکارڈ انگلینڈ کے پاس ہے۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کو ہمیشہ ناقابل اعتبار کہا جاتا ہے، مگر حالیہ دنوں میں شاندار کارکردگی سے شائقین حیران رہ گئے ہیں۔ اب مسلسل پانچویں اننگز ڈیکلیئرڈکرنے کا نیا قومی ریکارڈ بھی بن گیا، محمد حفیظ 15 برس بعد دونوں اننگز میں90 پلس اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے، رواں برس اوپننگ بیٹسمینوں نے گرین کیپس کو5 مرتبہ ففٹی پلس اسٹینڈ فراہم کیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کیخلاف ابوظبی میں جاری پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز بھی ڈیکلیئرڈ کی، ایسا مسلسل پانچویں اننگز میں کیا گیا جوگرین کیپس کی جانب سے سب سے طویل سلسلہ ہے، مسلسل 6 اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کا عالمی ریکارڈ انگلینڈ کے پاس ہے، اس نے یہ کارنامہ 2009 میں انجام دیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے رواں ٹیسٹ کی دونوں اننگز کے ساتھ آسٹریلیا کے خلاف آخری تین باریاں بھی ڈیکلیئرڈ کی گئی تھیں۔

15 برس بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی پاکستانی اوپنر نے ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 90 پلس اسکور کیا، حفیظ نے پہلی باری میں 96 اور دوسری اننگز میں 101 رنز اسکور کیے۔ اس سے قبل وجاہت اللہ واسطی نے سری لنکا سے1999کے لاہور ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنائی تھیں۔ دوسری باری میں حفیظ اور اظہر علی کے درمیان 69 رنز کی شراکت قائم ہوئی، یہ پاکستانی اوپنرز کی جانب سے رواں برس پانچواں ففٹی پلس اسٹینڈ ہے۔ صرف ویسٹ انڈین اوپنرز نے اس سے زیادہ 6 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔ ٹیم نے دوسری اننگز175 رنز پر ڈیکلیئرڈ کی، یہ اس کا مجموعی طور پر چھٹا جبکہ نیوزی لینڈ کیخلاف سب سے کم ترین ٹوٹل ہے جس پر اننگز ختم کی گئی۔
Load Next Story