ڈومیسٹک کرکٹ سعید اجمل کے ایکشن میں نظر آنے کا امکان

انگلینڈ میں نجی ٹیسٹ کا کل نتیجہ سامنے آئے گا،کامیابی پر اجازت مل جائے گی

پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے آفیشل جانچ کی درخواست بھی کرے گا فوٹو: فائل

پاکستانی جادوگر اسپنر سعید اجمل کے ڈومیسٹک کرکٹ میں ایکشن میں نظر آنے کا امکان روشن ہو گیا، بولنگ ایکشن کے تجزیے کا نتیجہ جمعے کو برآمد ہوگا، لفبرا میں غیرسرکاری ٹیسٹ کے حوصلہ افزا نتائج ملنے کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے آفیشل جانچ کی درخواست کرے گا۔


تفصیلات کے مطابق پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل کا بولنگ ایکشن سری لنکا کیخلاف سیریز میں مشکوک قرار دیا گیا تھا، بعدازاں انھیں آسٹریلیا میں انٹرنیشنل باڈی کی جانب سے ٹیسٹ کا سامنا کرنا پڑا جس میں وہ ناکام ہوئے اور ان پر کرکٹ کے دروازے بند کردیے گئے۔

پی سی بی نے آئی سی سی کے فیصلے کو قسمت کا لکھا سمجھ کر قبول کرنے کے بجائے ایکشن میں درستگی کے مشن پر کام شروع کیا، اس کیلیے مایہ ناز اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی گئیں۔''دوسرا'' کے موجد نے اسپنر کی میدان میں واپسی یقینی بنانے کیلیے سخت محنت کی، بعدازاں ان کی طرف سے تسلی بخش رپورٹ موصول ہونے کے بعد پی سی بی حکام نے سعید اجمل کو انگلینڈ بھیجنے کافیصلہ کیا جہاں انھوں نے10 نومبر کو غیرسرکاری ٹیسٹ دیا، اس کی رپوٹ جمعے کو ملے گی۔ذرائع کے مطابق اگر سعید اجمل کا بولنگ ایکشن کلیئر ہوجاتا ہے تو بورڈ انھیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدے گا، بعد ازاں آئی سی سی سے ایکشن ٹیسٹ کیلیے درخواست کی جائے گی۔
Load Next Story