ٹیسٹ ٹریک پر پاکستان کی سیریز فتوحات کا سفر تھم گیا

مصباح الحق بطور کپتان پہلی مرتبہ سیریز ہارگئے، سری لنکا کی 3 سال بعد فتح


ایکسپریس July 13, 2012
مصباح الحق بطور کپتان پہلی مرتبہ سیریز ہارگئے، سری لنکا کی 3 سال بعد فتح . فائل فوٹو

WASHINGTON: ٹیسٹ ٹریک پر پاکستان کی سیریز کامیابیوں کا سفر تھم گیا، مصباح الحق کو بطور کپتان پہلی مرتبہ سیریز ہارنے کا دکھ جھیلنا پڑا، مرلی دھرن کی ریٹائرمنٹ کے بعد سری لنکا نے پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف پالے کیلی ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد مصباح الحق کو بطور کپتان پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریزمیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے، انھوں نے 2010 کے دورئہ انگلینڈ کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالی اور بکھری ہوئی ٹیم کو متحد کرکے اس میں ایسی روح پھونکی کہ اس کو دوبرس تک کوئی بھی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں شکست نہیں دے پائی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے جنوبی افریقہ سے سیریزبرابر کی، نیوزی لینڈ کو شکست دی، ویسٹ انڈیز سے سیریز برابر کی اور پھر لگاتار زمبابوے، سری لنکا، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کو شکست دی، انگلش ٹیم کے خلاف تو رواں برس کے آغاز میں پاکستان نے کلین سوئپ کیا تھا۔

جمعرات کو اختتام پذیر ہونے والی سیریز میں سری لنکا کو جس ٹیسٹ میں فتح کی بدولت کامیابی حاصل ہوئی اس میں مصباح سلو اوور ریٹ پر پابندی کی وجہ سے کھیلے ہی نہیں تھے۔ یہ پاکستان کی آئی لینڈ میں مسلسل دوسری سیریز شکست ہے، اس سے قبل 2009 میں یونس خان کی قیادت میں بھی پاکستان کو سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میزبان سائیڈ نے مرلی دھرن کی ریٹائرمنٹ کے بعد پہلی ٹیسٹ سیریز جیتی ہے، آخری مرتبہ اس نے تین برس قبل نیوزی لینڈ کے خلاف 2-0 سے فتح پائی تھی۔

اسد شفیق نے اپنے کیریئر کی دوسری ٹیسٹ سنچری اسکور کی وہ اب تک دو سنچریوں اور 6 ففٹیز کی مدد سے 42.57 کی ایوریج سے 894 رنز اسکور کرچکے ہیں، اسد اور عدنان کے درمیان 81 رنز سری لنکا کے خلاف پاکستان کی نویں وکٹ کیلیے تیسری بڑی شراکت ہے، کمار سنگاکارا نے پاکستان کے خلاف سیریز میں 490 رنز بنائے، آخری اننگز میں ایک اور ففٹی جڑ کر انھوں نے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ 17 مرتبہ ففٹی پلس اسکور کا سنیل گاوسکر کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں