ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 248 رنزسے شکست دیدی

ابو ظہبی ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3، راحت علی، ذوالفقار بابر اور عمران خان نے 2،2 جبکہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو ٹھکانے لگایا۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میں 248 رنز سے ہرا کر 3میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز 174 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کیا تو نیوزی لینڈ کو ہزیمت سے بچنے کے لئے 308 رنز درکار تھے جبکہ پاکستان کو تاریخی فتح کے لئے صرف 2 وکٹیں درکار تھیں، مارک کریگ اور ایش سودھی 27،27 کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود تھے، کھیل کے آغاز پر دونوں کھلاڑی مجموعی اسکور میں صرف 3 رنز کا ہی اضافہ کرسکے تھے کہ پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے مارک کریگ کو پویلین کی راہ دکھائی۔


ٹرینٹ بولٹ اور ایش سودھی نے نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف دسویں وکٹ پر مزاحمت کی کوشش کی لیکن پاکستان نے اسے بھی ناکام بنادیا اور اس طرح کیویز کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 231 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے ٹیسٹ میچ 248 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

نیوزی لینڈ کے ایش سودھی نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3، راحت علی، ذوالفقار بابر اور عمران خان نے 2،2 جبکہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو ٹھکانے لگایا۔ راحت علی کو بہترین بالنگ پر مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

واضح رہے کہ ابو ظہبی ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
Load Next Story