مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں عمران خان اور جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا

مصباح کی قیادت میں قومی ٹیم نے 15 جبکہ عمران خان اور جاوید میانداد کی قیادت میں 14،14 میچز میں کامیابی سمیٹی۔


ویب ڈیسک November 13, 2014
مصباح کی قیادت میں قومی ٹیم نے 15 جبکہ عمران خان اور جاوید میانداد کی قیادت میں 14،14 میچز میں کامیابی سمیٹی۔ فوٹو؛فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اپنی پرفارمنس کی بدولت ناقدین کو خاموش کرادیا اور اپنی قیادت میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز جیتنے والے کپتان عمران خان اور جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ کر کامیاب ترین کپتان بن گئے۔


متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی گرین شرٹس نے کامیابی کو اپنے گلے سے لگا لیا جس کے بعد کپتان مصباح الحق نے اپنی قیادت میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والے سابق کپتان عمران خان اور جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کپتان مصباح الحق نے اپنی قیادت میں 32 ٹیسٹ میچز میں 15 میں کامیابی حاصل کی جب کہ 9 میچز میں شکست اور 8 میچز بغیر نتیجہ رہے جبکہ ان سے پہلے یہ اعزاز حاصل کرنے والے عمران خان اور جاوید میانداد 14،14 میچز کے ساتھ سرفہرست تھے۔


عمران خان نے اپنی قیادت میں 48 میچز میں سے 14 میں فتح سمیٹی جبکہ 8 میں شکست اور 26 میچز نتیجے کے بغیر رہے۔ جاوید میانداد کی قیادت میں قومی ٹیم 34 میں سے 14 میچز میں کامیاب رہی اور 6 میں ناکامی اور 14 ڈرا ہوئے۔ سابق کپتان وسیم اکرم کی قیادت میں 25 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جس میں سے 12 میں فتح، 8 میں شکست اور 5 کسی بھی نتیجے کے بغیر ختم ہوئے اسی طرح سابق کپتان انضمام الحق کی قیادت میں قومی ٹیم 31 میچز میں سے 11 میں فتحیاب اور 11 میں ہی ناکام رہی جبکہ 9 میچز کا فیصلہ نہ ہوسکا۔


نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دینے کے بعد مصباح الحق نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کپتانی کےریکارڈ سے متعلق کبھی نہیں سوچا اور عمران خان اور جاوید میانداد عظیم کپتان تھے جن کے ساتھ نام آنا فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 سال کپتانی کرنے کا موقع دینے پر کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں جب کہ کرکٹ بورڈ میں زیادہ تبدیلیاں ہونے کے باوجود بورڈ کا اچھا ردعمل رہا،امید ہے میرے بعد جو بھی کپتان آئے گا جیت کے اسی تسلسل کو برقرار رکھے گا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں