پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ کے باعث پابندی کے شکار فاسٹ بولر محمد عامر کی پابندی ختم کرانے کے لئے آئی سی سی کو خط لکھا جائے گا تاہم سلمان بٹ اور محمد آصف کی فی الحال درخواست نہیں کر رہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اینٹی کرپشن قوانین میں ترمیم کے بعد محمد عامر کی دوبارہ کرکٹ میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے آئی سی سی کو ایک خط لکھا جائے گا جس میں پابندی ختم کرنے کی درخواست کی جائے گی جبکہ پابندی کے شکار سلمان بٹ اور محمد عامر کے لئے فی الحال درخواست نہیں کی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے سلمان بٹ نے دل سے اپنی غلطی تسلیم نہیں کی اور انہیں کہنا پڑے گا کہ میری وجہ سے پورے ملک اور کرکٹ کی بدنامی ہوئی لیکن وہ یہ کہنے کو تیار نہیں بلکہ اب بھی وہ اپنے آپ کو بے گناہ کہتے ہیں۔
چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی حکام سے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی پر بات ہوئی اور انہیں آگاہ کردیا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال پہلے سے بہتر ہوچکی ہے جس پر زمبابوے، کینیا اور ہالینڈ کی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہیں تاہم 2015 میں سری لنکا اور بنگلادیش کی انڈر 17 اور 19 ٹیمیں پاکستان آئیں گی جس کے بعد دیگر ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کرکٹ کے بہت شوقین ہیں اور کرکٹ کے ذریعے تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں اس لئے دورہ پاکستان کے لئے افغان کرکٹ بورڈ نے بھی ٹیم پاکستان بھیجنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ جادوگر اسپنر سعید اجمل کی دوبارہ کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سعید اجمل ایکشن درست کرنے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں تاہم ان کی ورلڈ کپ میں شرکت کے ففٹی ففٹی چانسز ہیں۔
شہریان خان نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرنے پر پورٹی ٹیم کے لئے فی کس 5،5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا جب کہ کپتان مصباح الحق اور یونس خان کو بہترین پرفارمنس پر اضافی 10،10 لاکھ، احمد شہزاد اور سرفراد احمد کو ساڑھے سات لاکھ روپے فی کس، ذوالفقار بابر اور اظہر علی کو 5،5 لاکھ جبکہ یاسر شاہ کو عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر ایک لاکھ روپے اضافی انعام کا اعلان کیا۔ چیرمین پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ اور کوچز کے لئے بھی 3،3 لاکھ انعام کا اعلان کیا۔