پی ٹی وی پر حملہ حکومت نے خود کرایا اور یہ میچ فکس تھا عمران خان

جب21 روزکنٹینر میں رہ سکتا ہوں توجیل جانے کوبھی تیار ہوں لیکن آخری دم تک نوازشریف کا مقابلہ کروں گا،چیرمین پی ٹی آئی

نوازشریف اور ان کے جگری دوست آصف زرداری منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں،عمران خان، فوٹو: فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے پی ٹی وی پر حملہ حکومت نے خود کرایا اور یہ میچ فکس تھا جب کہ حملے میں کسی کو چوٹ تک نہ لگی لیکن پھر بھی وارنٹ نکالے گئے لہٰذا میرا پی ٹی وی حملے میں ملوث ہونا ثابت کیا جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ پی ٹی وی کی ٹرانسمیشن حکومت نے خود بن کرائی کیونکہ یہ میچ فکس تھا جب کہ حملے میں نہ کسی کو چوٹ لگی اور نہ ہی کوئی ہلاکت ہوئی مگر پھر بھی میرے وارنٹ جاری کردیئے گئے لہٰذا اس حملے میں میرا ملوث ہونا ثابت کیا جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ انہوں نےکہا کہ ماڈل ٹاؤن میں 14 افراد مارے گئے لیکن کسی کا وارنٹ نہیں نکلا، وارنٹ سے پتا لگتا ہے کہ نوازشریف 30 نومبر سے گھبرا گئے ہیں لیکن وہ سن لیں اگر میں جیل بھی چلا جاؤں تب بھی 30 نومبر کو اسلام آباد میں انسانوں کو سمندر ہوگا۔


عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اور ان کے جگری دوست آصف زرداری منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں،دونوں آج مل کر اس طرح جمہوریت بچانے کا ڈرامہ کررہے ہیں جیسے مجھ سے جمہوریت کو بہت بڑا خطرہ ہو، ملک میں جمہوریت کے نام پر بندر بانٹ کی جارہی ہے اور یہ لوگ آپس میں ملے ہوئے ہیں، ہمارے اور طاہرالقادری کے دھرنے کو لندن پلان کا نام دیا گیا لیکن بتایا جائے اب وہ لندن پلان کہاں گیا، کیا کوئی اس طرح 92 دن کے دھرنے کا پلان بنا سکتا ہے، یہ کام مجھ جیسا سرپھرا ہی کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف، آصف زرداری، خورشید شاہ اور خواجہ آصف لندن میں کیا کررہے ہیں، سب ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرے ہیں جس کا بل پاکستانی قوم ادا کرے گی ، نوازشریف لندن پاکستان میں سرمایہ کاری لینے نہیں گئے بلکہ وہاں اپنی سرمایہ کاری دیکھنے گئے ہیں، نوازشریف پاکستان میں 5 ہزار روپے ٹیکس دیتے ہیں اور کروڑوں کی گھڑی پہنتے ہیں وہ عوام کے پیسے پر عیاشی کررہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اب لندن میں اصل لندن پلان بن رہا ہے، شریف برادران 30 نومبر اور آصف زرداری 21 نومبر سے ڈرے ہوئے ہیں، دونوں بیٹھ کر پلان کریں گے کہ مجھے کس طرح روکا جائے جس کا ایک طریقہ انہوں نے میرے وارنٹ کی شکل میں ڈھونڈا ہے لیکن جب میں 21 روز کنٹینر میں رہ سکتا ہوں تو جیل اس سے آسان ہوگی، نوازشریف کے لیے جیل جانے کو بھی تیار ہوں لیکن آخری دم تک ان کا مقابلہ کروں گا۔ انہوں نےکہا کہ نوازشریف کا مقابلہ کرکے اور انصاف لے کر دکھاؤں گا جب کہ وہ لوگوں کی بولیاں لگارہے ہیں،انہوں نے جتنا اس ملک کے ساتھ ظلم کیا اتنا کسی دشمن نے بھی نہیں کیا ہوگا۔
Load Next Story