ورلڈ اسکواش 4 پاکستانی پلیئرز مین راؤنڈ میں پہنچ گئے

فرحان زمان اور دانش اطلس خان کی امیدیں برقرار ہیں، طیب اسلم، عادل مقبول اور ثاقب یوسف واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئے۔


Sports Desk November 14, 2014
فرحان زمان نے کویتی بدرالحسینی کو باآسانی 3-0 سے مات دی، ان کی فتح کاا سکور11-4,11-6 اور 11-6 رہا۔ فوٹو: فائل

4 پاکستانی پلیئرز ورلڈ اوپن اسکواش کے مین راؤنڈ میں پہنچ گئے، 3کو شکست نے ایونٹ سے باہر کردیا، کوالیفائنگ مرحلے میں فرحان محبوب کے شاندار کھیل نے ٹاپ رینکڈ کھلاڑیوں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی، عامر اطلس نے بھی بڑے برج کو الٹ دیا۔

فرحان زمان اور دانش اطلس خان کی امیدیں برقرار ہیں، طیب اسلم، عادل مقبول اور ثاقب یوسف واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق قطر میں ابتدائی روز کوالیفائنگ رائونڈ کھیلا گیا جس میں پاکستان کے 7 کھلاڑیوں نے قسمت آزمائی، ان میں سے 4 نے کامیابی سمیٹی جبکہ 3 کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ موجودہ کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ خطرناک سمجھے جانے والے فرحان محبوب نے ورلڈ رینکنگ میں 48 درجے بہتر حریف کو زیر کرلیا، عالمی درجہ بندی میں 56 ویں نمبر پر موجود امریکی کرس گورڈن کیخلاف 104 رینکنگ کے حامل پاکستانی کھلاڑی نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

ابتدائی گیم میں وہ ایک موقع پر 3-6 سے خسارے میں تھے لیکن ہمت نہ ہاری اور 11-8 سے کامیابی حاصل کرلی، دوسرے گیم میں بھی صورتحال مختلف نہ تھی دونوں کھلاڑیوں کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوا، پہلے7-7، پھر 9-9 اور13-13 پر جانے کے بعد فرحان نے مسلسل 2گیم پوائنٹ حاصل کرتے ہوئے 15-13 سے کامیابی حاصل کی۔ تیسرے گیم میں فرحان نے 11-8 سے فتح پاتے ہوئے مین راؤنڈ میں جگہ بنالی، میچ کے بعد انھوں نے کہاکہ میں نے جان شیر خان کی ہدایت پر عمل کیا جس سے کامیابی نصیب ہوئی۔

سابق عظیم کھلاڑی نے مجھ سے کہا تھاکہ میچ کے دوران 100 فیصد کارکردگی دکھائو پھر چاہے جو بھی نتیجہ نکلے اسے قبول کرنا۔ عامر اطلس خان نے ورلڈ نمبر59 انگلینڈ کے جیمی ہیکوکس کو میراتھن مقابلے میں 3-2 سے زیر کیا، پاکستانی کھلاڑی کو ابتدائی گیم میں 9-11 سے شکست ہوئی، دوسرے میں انھوں نے اسی مارجن سے کامیابی حاصل کی، تیسرے گیم میں ایک بار پھر عامر9-11 سے شکست کھا کر 1-2 کے خسارے میں چلے گئے، مشکل صورتحال میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے انھوں نے چوتھا گیم یکطرفہ طور پر 11-3 سے اپنے نام کیا۔

آخری گیم میں دونوں پلیئرز کے مابین ایک بار پھر اعصاب کی جنگ ہوئی جس میں پاکستانی اسٹار 11-9 سے سرخرو رہے،بعدازاں انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری کارکردگی گذشتہ 3 سال سے انجری اور دیگرکئی وجوہات کی بنا پر اتنی خاص نہیں تھی، چیف آف ایئر اسٹاف ایونٹ کے فائنل میں رسائی اور ورلڈ اوپن میں بہتر رینک کھلاڑی کو زیر کرتے ہوئے مین رائونڈ میں رسائی سے میرا حوصلہ بلند ہوگا، میں ٹورنامنٹ میں کئی اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں۔

دوسری طرف مین راؤنڈ میں براہ راست رسائی پانے والے ناصر اقبال کے بعد پاکستان کے فرحان زمان نے کویتی بدرالحسینی کو باآسانی 3-0 سے مات دی، ان کی فتح کاا سکور11-4,11-6 اور 11-6 رہا۔ عامر کے چھوٹے بھائی دانش اطلس خان نے ہم وطن طیب اسلم کو تھوڑی سی جدوجہد کے بعد11-3,7-11,11-2 اور 11-5 سے مات دے کر مین مرحلے میں رسائی پائی۔پاکستان کے محمد ثاقب یوسف ملائیشین حریف اشرف اذان سے 1-3 اور عادل مقبول انگلش بن کولیمین سے 0-3 سے ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ 3 لاکھ 25 ہزار ڈالر انعامی رقم کے ایونٹ کا مین رائونڈ جمعے کو شروع ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔