ٹیم نے مقابلہ خوب کیا مگر قسمت نے ساتھ نہیں دیا مصباح الحق

سری لنکا کی فتح کیلیے کوششیں ترک کرنے پر حیرت ہوئی(کپتان) برتری گنوانا نہیں چاہتے تھے، جے وردنے

ٹیم نے مقابلہ خوب کیا مگر قسمت نے ساتھ نہیں دیا، مصباح الحق۔ فوٹو/ایکسپریس

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ 71 اوورز میں 270 رنز کا ہدف آسان نہ تھا مگر اچھا آغاز ملنے کے باوجود سری لنکا کی طرف سے جیت کیلیے کوشش چھوڑ دینے پر حیرت ہوئی۔ دوسری طرف میزبان قائد جے وردنے نے کہا کہ سیریز میں پہلے سے حاصل برتری کو گنوانے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے تھے۔


تیسرے ٹیسٹ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی قائد نے کہا کہ آخری روز کھیل کا جتنا وقت باقی تھا اسے دیکھتے ہوئے ہمارا دیا گیا ٹارگٹ خاصا محفوظ نظر آرہا تھا مگر آئی لینڈرز کے عمدہ آغاز نے ہمیں پریشانی میں ڈال دیا، میزبان ٹیم کی طرف سے جیت کیلیے پیش قدمی تر ک کیے جانے پر حیرت ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں سیریز میں شکست ضرور ہوئی مگر سخت مقابلہ کیا، دوسرا اور تیسرا ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں بھی آئے مگر مقدر نے ساتھ نہ دیا، تاہم مثبت بات یہ ہے کہ ٹیم نے گال میں پہلا ٹیسٹ ہارنے کے بعد کم بیک کرتے ہوئے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، ہمارے پاس اسد شفیق، اظہر علی اور جنید خان جیسے با صلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی خوش آئند ہے جن سے مستقبل میں توقعات بھی وابستہ ہیں مگر فیلڈنگ اور کیچنگ میں بہت زیادہ بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

سری لنکن کپتان جے وردنے نے کہا کہ سیر یز میں سخت محنت کرنا پڑی، اس سے قبل بھی مختلف ٹیموں کیخلاف ہم اچھی کرکٹ کھیلتے رہے ہیں مگر بیشتر مواقع پر نتائج ہمارے حق میں نہ جاسکے۔ پاکستان جیسی بڑی ٹیم کیخلاف فتح اہم سنگ میل ہے جس سے نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، ایک یونٹ کے طور پر ہمیں اپنے کھیل میں بہتری کیلیے مسلسل کوشش کرنا ہوگی، چوتھی وکٹ گرنے کے بعد ہدف کا تعاقب چھوڑ کر دفاعی حکمت عملی اختیار کرلینے کا فیصلے کا دفاعی کرتے ہوئے آئی لینڈرز کپتان نے کہا کہ سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل ہونے کے بعد کسی قسم کا خطرہ کیوں مول لیتے، آخری ڈیڑھ گھنٹہ میں کوئی بڑی غلطی مہنگی بھی پڑ سکتی تھی، مقصد تو سیریز جیتنا تھا وہ ہم نے حاصل کرلیا۔

Recommended Stories

Load Next Story