سانحہ خیرپور کی ابتدائی رپورٹ میں این ایچ اے نے بس ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار ٹھہرا دیا

بس ڈرائیور گزشتہ 23 گھنٹے سے سویا نہیں تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، این ایچ اے


ویب ڈیسک November 14, 2014
حادثے کی جگہ پر روڈ کی حالت دونوں طرف بہتر تھی، این ایچ اے۔ فوٹو؛ فائل

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سانحہ خیرپور کے حوالے سے تیار کی گئی اپنی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بس کے ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار ٹہرا دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق این ایچ اے نے سانحہ خیرپور کے حوالے سے تیار کی گئی اپنی ابتدائی رپورٹ میں کہا ہے کہ حادثہ بس کے ڈرائیور کے غلط یو ٹرن لینے کے باعث پیش آیا، بس ڈرائیور نے پٹرول پمپ سے غلط یوٹرن لیا اور چوتھی لین میں گاڑی ماردی۔ این ایچ اے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بس کا ڈرائیور صبح 5 بجے منزل کے لئے روانہ ہوا تھا جب کہ وہ گزشتہ 23 گھنٹے سے سویا بھی نہیں تھا جو حادثے کی وجہ بنا، حادثے کی جگہ پر روڈ کی حالت دونوں طرف بہتر تھی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ حادثے کے بعد این ایچ اے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں اور جی ایم این ایچ اے سکھر لطیف مہیسر کی جگہ منیش کمار کو تعینات کیا گیا جب کہ ڈائریکٹر سلیم سومرو کی جگہ محمد ادریس اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نور کی جگہ جہانگیر کو تعینات کیا گیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل خیر پور میں ٹھیڑی بائی پاس کے قریب مسافر بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 60 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔