شاہین 2 عسکری میدان میں ایک اور پیشرفت

پاکستان کبھی بھی ہتھیاروں کی دوڑ یا جنگ کا حامی نہیں رہا، پاکستانی عوام امن پسند اور دوستانہ مزاج کے حامل ہیں۔


Editorial November 15, 2014
پاکستان نے بہت مناسب وقت پر شاہین 2 کا کامیاب تجربہ کیا ہے جب بھارت سرحدوں پر اپنی ’’چھیڑخانی‘‘ میں مصروف ہے۔ فوٹو: این این آئی

ISLAMABAD: وطن کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے عسکری طاقت میں اضافہ از حد ضروری ہے، اور ایسی صورت میں جب کہ آپ کا حریف جنگی جنون میں مبتلا ہو اور اپنی عسکری طاقت بڑھانے کے لیے بے دریغ تجربات کر رہا ہو تو پھر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہنا مناسب نہیں ہوتا۔

یہی وجہ ہے کہ پاکستان بھی اپنی دفاعی استعداد میں اضافہ کرتا رہا ہے۔ پاکستان نے جمعرات کو درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین 2 (حتف 6) کا کامیاب تجربہ کیا، جو پاکستان کی عسکری طاقت میں ایک خوشگوار اضافہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شاہین 2 میزائل ہر قسم کے ایٹمی اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ 15 سو کلو میٹر تک اپنے ہدف کو باآسانی نشانہ بنا سکتا ہے۔

میزائل کے کامیاب تجربے کے وقت ڈی جی اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر آرمی اسٹرٹیجک فورسز لیفٹیننٹ جنرل عبیداﷲ خان، چیئرمین فیکام محمد عرفان برخی اور ممتاز سائنسدان اور انجینئرز موجود تھے۔ بھارت کا جنگی جنون بے لگام ہو چکا ہے اور وہ نہ صرف سرحدوں پر بلااشتعال فائرنگ کر کے معصوم و بے گناہ شہریوں کو شہید کرتا ہے بلکہ آئے روز کسی نہ کسی ہتھیار اور میزائل کا تجربہ کر کے اپنی عسکری طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے، بیلسٹک میزائل شاہین 2 کا کامیاب تجربہ یقیناً بھارتی جنون کو لگام ڈالنے کا باعث بنے گا اور بھارت کو اپنی شرانگیزی پھیلانے سے باز رکھے گا۔

پاکستان کبھی بھی ہتھیاروں کی دوڑ یا جنگ کا حامی نہیں رہا، پاکستانی عوام امن پسند اور دوستانہ مزاج کے حامل ہیں لیکن جب بھارت اپنی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتا ہے تو ایسے میں جواب دینا ضروری ہو جاتا ہے کہ پاکستان بھی عسکری میدان میں کم نہیں ہے، پاکستان کی امن پسندی کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان نے بہت مناسب وقت پر شاہین 2 کا کامیاب تجربہ کیا ہے جب بھارت سرحدوں پر اپنی ''چھیڑخانی'' میں مصروف ہے۔ گلوبل فائر پاور نامی تھنک ٹینک نے بھارتی جنگجویانہ ذہنیت پر مارچ 2013 ء میں ایک جامع رپورٹ چھاپی ہے ۔ بھارت کو خطے میں امن کے لیے اپنی شرانگیزیوں سے باز آ جانا چاہیے ورنہ پاکستان کو بھی منہ توڑ جواب دینا آتا ہے۔

بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت پاکستان ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت عسکری قیادت نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ۔ پوری قوم کی دعائیں افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں