19سالہ اسپنرنے آدھی زمبابوین ٹیم کو ٹھکانے لگا دیا

چٹاگانگ ٹیسٹ میں اننگزکا374پراختتام،بنگلہ دیش کو129رنزکی برتری مل گئی


Sports Desk/AFP November 15, 2014
سکندر اور مساکیڈزا نے دوسری وکٹ کیلیے ریکارڈ160رنز کی شراکت بنائی۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI: 19سالہ لیگ اسپنر جوبیر حسین نے کیریئر کے تیسرے ہی میچ میں آدھی زمبابوے ٹیم کو ٹھکانے لگا دیا۔

چٹاگانگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مہمان سائیڈ نے 374رنز اسکور کیے، الٹن چگمبرا، سکندر رضا، ہیملٹن مساکیڈزا اور ریگس چاکابوا نے نصف سنچریاں بنائیں، 3 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کا خواب دیکھنے والی بنگلہ دیشی سائیڈ129رنز کی سبقت پر شاداں نظر آئی، کھیل ختم ہونے تک اس نے بغیر کسی نقصان کے23رنز بنا کر مجموعی سبقت152 کرلی۔ تفصیلات کے مطابق503 کے مشکل اسکور کا پیچھا کرنے والی مہمان ٹیم نے تیسرے دن نامکمل پہلی اننگز کاایک وکٹ پر113 رنز سے آغاز کیا، سکندر اور مساکیڈزا نے دوسری وکٹ کیلیے ریکارڈ160رنز کی شراکت بنائی، ان سے قبل1993 میں پاکستان کیخلاف مارک ڈیکر اور ایلسٹر کیمبل نے 135 رنز جوڑے تھے، سیمر شفیع اسلام نے مساکیڈزا (81) کو ایل بی ڈبلیو کیا،3اوورز بعد جوبیر کاری ضربیں لگا کر زمبابوے کو بیک فٹ پر لے آئے۔

انھوں نے3 گیندوں کے درمیان کپتان برینڈن ٹیلر (1) اور سکندر رضا (82) کو میدان بدر کردیا، لنچ کے وقت ٹیم نے200 رنز پر4وکٹیں گنوا دی تھیں، دوسرے سیشن میں سین ایرون (14) کوجوبیر نے بولڈ کر دیا، اس کے بعد چگمبرا اورچاکابوا نے ڈٹ کر بنگلہ دیشی بولرز کا سامنا کیا،دونوں نے چھٹی وکٹ کیلیے 113رنز جوڑ کر فالوآن کا خطرہ ٹالا، چاکابوا (65) کو شفیع نے ایل بی ڈبلیو کیا، موٹمبامی (20) اسی انداز میں شکیب الحسن کی وکٹ بنے، تیج الاسلام نے مساکیڈزا کو کھاتہ کھولنے کی بھی مہلت نہ دی، چگمبرا (88) کو جوبیر نے سلپ میں محموداﷲ کا کیچ بنوایا، آخری بیٹسمین ناٹسائی ایم شنگووے (8) ان کا پانچواں شکار ثابت ہوئے۔ کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں وکٹ کھوئے بغیر23رنز بنا لیے، تمیم اقبال 8 اور امرالقیس 11رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ٹیم کی مجموعی سبقت 152ہو گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں