غیرمعیاری فیلڈنگ پروٹیز کو لے ڈوبی کینگروز فتحیاب

پہلے ون ڈے میں4ڈراپ کیچز سے فائدہ اٹھاکربیلی کے70 رنز،کوئلٹر نیل کی چار وکٹیں


Sports Desk/AFP November 15, 2014
مین آف دی میچ ناتھن کوئلٹر نیل نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فوٹو : اے ایف پی

NAUDERO: پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں غیرمعیاری فیلڈنگ پروٹیز کو لے ڈوبی،32 رنز سے فتحیاب آسٹریلیا کو سیریز میں سبقت مل گئی۔

301رنز کے ہدف کا پیچھا کرنے والی مہمان سائیڈ268 سے آگے نہ بڑھ سکی، ڈیوڈ ملر اور اے بی ڈی ویلیئرز نے ففٹیز بنائیں، مین آف دی میچ ناتھن کوئلٹر نیل نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وکٹ کیپر میتھیو ویڈ نے 5 کیچز تھامے، فاتح ٹیم کے جارج بیلی نے4 ڈراپ کیچز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے70رنز کی اننگز کھیلی۔ تفصیلات کے مطابق واکا میں301 رنز کا ہدف پانے کی پروٹیز کوششوں کو ابتدا میں ہی سخت دھچکا لگ گیا، پیسر مچل جونسن نے آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر قرار پانے کا جشن ڈی کاک (8) اور آملا (2) کو رخصت کر کے منایا، فرحان بہردیان (20) اور ڈو پلیسی (31) اچھے آغاز کے بعد طویل اننگز نہ کھیل سکے۔

76پر4وکٹیں گنوانے سے جنوبی افریقی امیدیں دم توڑنے لگیں، ایسے میں اے بی ڈی ویلیئرز اور کولن ملرنے126رنز کی پارٹنر شپ سے میزبان سائیڈ کو تشویش کا شکار کیا، مگر پھر5رنز کے دوران 3 وکٹیں گرنے سے میچ کا توازن آسٹریلیا کے حق میں ہو گیا، ملر 65 پر آؤٹ ہوئے، مطلوبہ رن ریٹ بڑھتے دیکھ کر ڈی ویلیئرز نے تیزی دکھانا چاہی مگر 80 کے اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔

ڈیل اسٹین (6) کوئلٹر نیل کی چوتھی وکٹ اور ویڈ کا پانچواں کیچ بنے، 22رنز بنانے والے عمران طاہرکی وکٹ حاصل کر کے میکسویل نے آسٹریلیا کو جشن منانے کا موقع فراہم کر دیا، پروٹیز کی اننگز کا48.1 اوورز میں268پر خاتمہ ہوا۔ قبل ازیں حریف کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹ پر300 رنز بنائے، حریف فیلڈرز کی مہربانی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بیلی نے سب سے زیادہ70رنز بنا لیے،انھیں2رنز پر اتنے ہی چانسز ملے جبکہ38اور47پر بھی کیچز تھامے نہ جا سکے، فلینڈر نے چار پلیئرزکو آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں