گولڈ میڈل کا خواب آنکھوں میں سجائے ہاکی ٹیم لندن روانہ

وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے کیلیے پرعزم ہیں(اختررسول) قوم بھی دعا کرے


ایکسپریس July 13, 2012
وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے کیلیے پرعزم ہیں(اختررسول) قوم بھی دعا کرے، سہیل عباس. فائل فوٹو

LIMA, PERU: لندن اولمپکس میں شرکت کیلیے 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم سہیل عباس کے زیر قیادت لندن روانہ ہوگئی، گرین شرٹس 27 جولائی سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ سے قبل برمنگھم میں بلو آسٹروٹرف پر ٹریننگ کرینگے جہاں پر 15 جولائی کو مقامی کلب کینگ 18 اور 19 جولائی کو اسکاٹ لینڈ کیخلاف دو پریکٹس میچز بھی شیڈول ہیں، 22 جولائی کو ٹیم اولمپک ولیج میں داخل ہوجائیگی۔

لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے روانگی سے قبل میڈ یا سے بات چیت میں ہیڈ کوچ اختر رسول نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ایونٹ کیلیے بھر پور تیاری کی ہے، امید ہے کہ قوم کی دعائوں سے ٹیم وکٹری اسٹینڈ تک ضرور رسائی حاصل کرے گی، اسکواڈ سینئرز اور جونیئرز کا بہترین امتزاج ہے، ہم تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کو اس طرح استعمال کرینگے کہ اٹیک اور دفاع کو زیادہ سے زیادہ موثر بنایا جاسکے، برمنگھم میں کیمپ سے نہ صرف قومی ٹیم لندن کے موسم سے ہم آہنگ ہوگی بلکہ اولمپکس سے قبل اسے مزید پریکٹس بھی مل جائے گی۔

سہیل عباس نے کہا کہ مقابلے آسان نہیں، ہمارا پہلا ہدف فائنل فور تک رسائی ہے، قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرینگے، اس کیساتھ ٹیم کو عوام کی دعائوں کی بھی ضرورت ہوگی۔ ریحان بٹ اور شکیل عباسی کا کہنا تھا کہ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پرمشتمل ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریگی، اولمپکس میں تمام ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ آئیںگی ،ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ہر کھلاڑی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتا نظر آئے گا۔

انھوں نے کہاکہ پی ایچ ایف نے دوبارہ ٹیم میں شامل کرکے جو اعتماد کیا ہے ہم اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ لندن روانہ ہونے والے سکواڈ میں سہیل عباس (کپتان) محمد وقاص( نائب کپتان) عمران شاہ، عمران بٹ(گول کیپرز) محمد عرفان، سید کاشف شاہ، محمد عمران(فل بیکس)محمد رضوان جونیئر، فرید احمد، راشدمحمود، محمد توثیق، وسیم احمد( ہاف بیکس) شفقت رسول، عبدالحسیم خان، شکیل عباسی، ریحان بٹ، محمد رضوان سینئراور محمد عمر بھٹہ( فارورڈز) شامل ہیں۔ ٹیم آفیشلز میں اختر رسول منیجر اور چیف کوچ،خواجہ جنید کوچ، اجمل خان اور شاہد علی خان اسسٹنٹ کوچز، فیض الرحمان فزیو تھراپسٹ اور محمد ندیم خان لودھی ویڈیواینا لسٹ ہونگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں