پاکستان پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات اور افغانستان میں مذاکرات کا حامی ہےوزیراعظم

دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم نوازشریف


ویب ڈیسک November 15, 2014
افغان صدر گزشتہ روز پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے فوٹو: آن لائن

وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات اور افغانستان میں مذاکرات کا حامی ہے۔

افغان صدر اشرف غنی وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تو وزیر اعظم نواز شریف نے خود ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں سلامی اور گارڈ آف آنر پیش بھی کیا گیا، وزیر اعظم نواز شریف نے اشرف غنی کا تعارف کابینہ میں شریک وزرا اور دیگر اعلٰی حکام سے تعارف کرایا۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں دہشتگردی کے خاتمے سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے اموراور دوطرفہ تعلقات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ون آن ملاقات کے بعد پاکستان اورافغانستان میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں پاکستان کی جانب سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، چوہدری نثار، اسحاق ڈار، احسن اقبال اور خرم دستگیر نے شرکت کی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ میں وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کی ترقی میں اشرف غنی کااہم کردار ہے ،وہ اشرف غنی کو اپنے دوسرے گھر پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں پاکستان اورافغانستان کا حال اور مستقبل آپس میں جڑا ہوا ہے، دونوں ممالک کوسیکیورٹی نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے،دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کو مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، وزیراعظم پاکستان افغانستان میں مذاکرات کا حامی ہے، افغانستان کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں اس سلسلے میں افغان حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاپی اور کاسا پروجیکٹس سے دونوں ممالک میں معاشی ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ وہ افغان عوام کی جانب سے واہگہ بارڈرواقعے پر افسوس کا اظہارکرتے ہیں، انہیں دہشتگردی میں جاں بحق پاکستانیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی ہے،ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک غربت اور پسماندگی کے خاتمے پر متفق ہیں،دونوں ممالک کو ماضی بھلاکر آگے بڑھنا ہوگا ، اسی لئے ہم نے 13 سال کی تجارتی رکاوٹوں کو 3 دن میں حل کرلیا، افغانستان خطےکی ترقی اور استحکام میں بھرپور کردار ادا کرسکتا ہے۔

ملاقات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور افغان صدر نے پاکستان اے اور افغانستان اے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی 20 کرکٹ میچ کو بھی دیکھا۔

افغان صدر گزشتہ روز پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے اس دوران انہوں نے صدرمملکت ممنون حسین اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتیں کیں جبکہ آج افغان صدر اشرف غنی نے افراسیاب خٹک، سردارکمال خان بنگلزئی ، آفتاب شیرپاؤ، محمود خان اچکزئی، شیری رحمان، اعتزاز احسن، فرحت اللہ بابر اور فیصل کریم کنڈی سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں