عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ملک میں آگ لگا دیں گے شیخ رشید

نوازشریف اور آصف زرداری ایک ہی سکے کے دورخ ہیں ان کے گٹھ جوڑسےملک تباہی کےکنارے پر پہنچ چکا ہے، سربراہ عوامی مسلم لیگ


ویب ڈیسک November 15, 2014
آصف زرداری نے مجھے فون پر دھمکیاں دیں، شیخ رشید، فوٹو:ایکسپریس نیوز

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکمرانوں میں اگر ہمت ہے تو وہ عمران خان کو گرفتار کریں اگر انہیں گرفتار کیا گیا تو پورے ملک میں آگ لگا دیں گے۔


ساہیوال میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ تحریک انصاف کو مریم نواز کا استعفیٰ آنے پر مبارکباد دیتا ہوں اب جلد ہی شریف برادران کے استعفے بھی آئیں گے،90 دن سے قوم عمران خان کے ساتھ دیوارِ چین بنی کھڑی ہے اور میں نے عمران کے ہاتھ میں دوستی کا ہاتھ دیا ہے یہ ہاتھ کٹ سکتا ہے لیکن ان کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان امن کرے تو امن اور جنگ کرے تو جنگ کریں گے، ان کا جو فیصلہ ہوگا وہی میرا فیصلہ ہوگا۔


شیخ رشید نے کہا کہ لاہور اوار اسلام آباد میں لاشیں اٹھائیں لیکن پر بھی پر امن رہے، 90 روز کے دھرنے میں ایک شیشہ بھی نہیں ٹوٹا، حکومت عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی ہے، اگر حکمرانوں میں ہمت ہے تو انہیں گرفتار کریں، عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو سارے ملک میں آگ لگا دیں گے جبکہ جیل میرا سسرال ہے خوشی خوشی جاؤں گا، نوازشریف وقت اور جگہ بتائیں خود آکر گرفتاری دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف 18 کروڑ لوگوں کو لوٹ رہے ہیں ہمیں اس نظام کو جلانا ہے تو چورڈاکوؤں، لٹیروں کو پیدا کرتا ہے، ہم اس نظام کو زندہ کریں گے جو نوجوانوں کو آگے لے کر آئے گا۔


عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور آصف زرداری ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ان کے گٹھ جوڑ سے ملک تباہی کے کنارے پر پہنچ چکا ہے یہ دونوں اپنے بچوں کو نواز رہے ہیں، آصف زرداری نے مجھے فون پر دھمکیاں دیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کا حکومت چلانے کا دل نہیں اور نہ ملک میں رہنے کا ہے وہ عوام سے انتقام لے رہے ہیں اور یہ ایک ایسی قوم ہے جس نے نا اہل وزیراعظم کو تیسری مرتبہ منتخب کرادیا، ان کے دور میں غریب کی حالت کبھی نہیں بدل سکتی، میں نے ساری زندگی غریب کی حالت بدلنے میں سرف کی ہے، مجھے ڈرایا نہ جائے، میں اپنا تابوت اپنے کندھے پر رکھ کر سیاست کرنے والا خودکش سیاستدان ہوں یہ لوگ مجھ سے کیا لڑیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں