وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے جلسوں اور دھرنوں پر عوام کے پیسے کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے لہٰذا حکومت سے حساب مانگنے سے قبل عمران خان پہلے خود عوام کے پیسوں کا حساب دیں۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کا دھاندلی کا نعرہ جھوٹا ثابت ہوا، انہوں نے سفید جھوٹ بولا کہ نواز شریف نے انہیں بلایا لیکن اصل میں وزیر اعظم نے انہیں بلایا ہی نہیں، ان کا ہر لفظ گرفتاری کے خوف کی عکاسی کر رہا ہے اور اب وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر وہ صفائیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی زبان سن کر ہر شریف آدمی کا سر شرم سے جھک جاتا ہے، نواز شریف ان کے اعصاب پر سوار ہوچکے ہیں اور وہ بہت جلد کہنے والے ہیں کہ عوام بھی نواز شریف کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے جلسوں اور دھرنوں پر عوام کے پیسے کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے لہٰذا حکومت سے حساب مانگنے سے قبل عمران خان پہلے خود عوام کے پیسوں کا حساب دیں۔
دوسری جانب ترجمان وزیر اعظم ہاؤس نے بھی عمران خان کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان عوامی جلسوں میں مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں اور وزیر اعظم نے عمران خان سے نہ رابطہ کیا اور نہ ملنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جب چاہیں بات چیت کے لئے آسکتے ہیں لیکن جو بھی بات ہوگی قانون اور آئین کے دائرے میں ہوگی۔