دیس بدیس کے کھانے میٹھے پکوان
بیسن کے لڈو، کھوپرے کی برفی، چنے کی دال کا حلوہ، بادام کا حلوہ، انڈے کا حلوہ اور گاجر کا حلوہ بڑھائے دسترخوان کی شان
عوام کی بڑی تعداد موسم سرما میں مختلف اقسام کے حلواجات سے دل بہلاتی ہے۔ فوٹو : فائل
بیسن کے لڈو
اجزاء:
بیسن: ایک پاؤ
سبز الائچی: چار عدد
گھی: آدھا پاؤ
بادام، پستہ: ایک چھٹانک
چینی: ایک چھٹانک
نوٹ: چینی کی جگہ مصری یا شکر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
ترکیب:
کڑاہی میں گھی کڑ کڑائیں اور اس میں بیسن ڈال دیں۔ بیسن کو خوب اچھی طرح بھونیں۔ جب بیسن کا رنگ بادامی ہوجائے اور خوشبو آنے لگے تو نیچے اتار کر رکھ دیں۔ ٹھنڈا ہوجائے تو چینی پیس کر اس میں ملالیں۔ بادام، پستہ اور الائچی کو باریک پیس کر بیسن میں ملالیں۔ دودھ کا چھینٹا دے کر لڈو بنالیں۔ نہایت لذیذ اور عمدہ لڈو تیار ہوں گے۔ چائے کے ساتھ یہ لڈو بہت ذائقہ دیتے ہیں۔ ڈش میں ر کھ کر اوپر چاندی کے ورق لگا کر پیش کر یں۔
کھوپرے کی برفی
اجزاء:
کھوپرا: ڈھائی پیالی
سوکھا دودھ: آدھا کپ
چھوٹی الائچی: 6 سے 8 عدد
گھی: آدھا کپ
کھویا: ایک پیالی
کمیل: آدھا کپ
چینی: آدھی پیالی
کھانے کا رنگ: ہرا اور پیلا
پانی: ایک پیالی
ترکیب:
دھیمی آنچ پر چھوٹی دیگچی میں گھی ڈالیں، جب گھی گرم ہوجائے تو اس میں چھوٹی الائچی کوٹ کر ڈالیں پھر کھوپرا ڈالیں۔
الائچی جب سنہری ہوجائے تو اس میں سوکھا دودھ (خشک) کمیل اور چینی ملائیں اور تھوڑا پانی ڈال کر بھونیں، لیکن خیال رکھیں لگنے نہ پائے۔
اب ایک پیالی میں آدھی پیالی پانی ڈالیں اور پیالی میں دو چٹکی پیلا رنگ ڈالیں، دوسری پیالی میں بھی آدھی پیالی پانی ڈال کر دو چٹکی ہرا رنگ ڈال دیں۔
ساتھ ہی دیگچی میں برفی کو بھی بھونتے رہیں۔
جب تمام آمیزہ ایک ہوجائے تو اس میں کھویا ڈال کر مکس کریں اور آدھے آمیزے کو الگ دیگچی میں ڈال دیں، اور اس کو بھی دھیمی آنچ پر رکھ دیں اور دونوں دیگچیوں میں وقفے وقفے سے چمچا چلاتی رہیں۔
ایک دیگچی میں پیلا رنگ اور دوسری دیگچی میں ہرا رنگ پیالی کا ڈال دیں۔
جب تیار ہوجائے تو ایک ڈش میں پہلے ہرے رنگ کی برفی کی تہہ پھر پیلے رنگ کی برفی کی تہہ پھر ہرے رنگ کی برفی کی تہہ لگائیں اور کھوئے سے سجاوٹ کریں۔
لیجیے کھوپرے کی برفی تیار ہے۔ مہمانوں کے ساتھ مل کر کھائیں اور لطف اٹھائیں۔
چنے کی دال کا حلوہ
اجزاء:
چنے کی دال: دو کپ
خشک دودھ: چھے کپ
اپنی پسند کے تمام ڈرائی فروٹس: ایک ایک کپ
بادام، اخروٹ، چلغوزے کاجو
ترکیب:
سارے ڈرائی فروٹس ملا کر اس میں سے آدھے کو باریک پیس لیں اور باقی آدھے کو موٹا موٹا کوٹ لیں۔
پسا ہوا کھوپرہ یا ناریل: دو کپ
مکھن یا دیسی گھی: دو کپ
کریم یا کھویا: ایک کپ
شکر: چھے کپ
ہری الائچی: دس عدد
ترکیب:
چنے کی دال پوری رات کے لیے بھگو کر رکھ دیں۔ صبح کو اسے ابال کر پیس لیں۔
سب سے پہلے مکھن یا گھی کو گرم کرکے اس میں الائچی کو براؤن کرلیں۔ اب اس کو ٹھنڈا کرلیں اور اس میں پسی ہوئی دال ڈال دیں اور خوب بھونیں۔ اس وقت تک جب تک کہ ہلکا سا گولڈن نہ ہوجائے اور بھنتے ہوئے بیسن کی خوشبو آنے لگے اور بالکل ڈرائی ہو جائے۔ اب اس میں خشک دودھ ڈال دیں وہ پتلا ہو جائے گا۔ اب دوبارہ سے اسے ڈرائی کریں۔ یہ دودھ گیلا ہو جائے گا۔ اسے دوبارہ سے تیز تیز بھون کر سکھانا پڑے گا، جب یہ سوکھ جائے اور دوبارہ سے حلوہ بالکل خشک ہو جائے تو اس میں ناریل اور پسے ہوئے ڈرائی فروٹس ڈال دیں۔ اب اس کو پھر سے بھون لیں۔ پھر کٹا ہوا ڈرائی فروٹ ڈالیںا ور کھویا بھی ڈال دیں اور خوب بھونیں۔ اس کے بعد چینی ڈال کر بھون لیں۔ جیسے ہی ہلکا سا گولڈن ہونے لگے تو چولہا بند کردیں۔ زیادہ بھوننے سے بہت سخت ہو جائے گا۔
اب اپنی پسند کی شکل میں جمالیں اور بعد میں کاٹ لیں۔
اس کا ٹیسٹ کافی حد تک سوہن حلوے یا کینڈی جیسا ہوتا ہے اور تھوڑا سخت بھی کینڈی جیسا ہی ہوتا ہے۔
نوٹ:
چنے کی دال کا حلوہ بناتے وقت ایک سیکنڈ بھی چمچا ہلانا نہیں چھوڑ سکتے۔ مسلسل ایسا نہ کرنے پر حلوہ بالکل جل جائے گا۔ اسی لیے حلوہ بنانا شروع کرنے سے پہلے سب تیاری کر کے ہر چیز پہلے سے چولہے کے بالکل پاس رکھتے ہیں۔
بادام کا حلوہ
اجزاء:
بادام: آدھا کلو (ابال کر چھلکا اتار لیں)
چھوٹی الائچی: آٹھ عدد (ایک چمچا چینی کے ساتھ پیس لیں)
دودھ: دو پیالی
چینی: ڈیڑھ پیالی
گھی: ڈیڑھ پیالی
پھیکا کھویا: آدھی پیالی
پستہ: دس عدد
ترکیب:
بادام اور چینی ملا کر باریک پیس لیں۔ پھر اس میں دودھ ملا کر ہلکی آنچ پر پکنے کو رکھ دیں۔ گاڑھا ہونے پر اتار لیں۔ اور ایک دوسرے کڑاہی میں گھی گرم کر کے الائچی ڈالیں خوشبو آنے لگے تو بادام اور دودھ کا گاڑھا مکسچر ڈال دیں۔ جب گھی الگ ہونے لگے تو کھویا ملا دیں۔ پلیٹ میں نکال کر پستا اور چاندی کے ورق سے سجائیں۔ مزے دار حلوہ تیار ہے۔ یہ حلوہ سردیوں میں بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔
انڈے کا حلوہ
اجزاء:
انڈے: بیس عدد
کھویا: آدھا کلو
زعفران: تین چھٹانک
کھوپرا: ایک پاؤ
بادام کی گری: ایک چھٹانک
کیوڑہ: ایک چھٹانک
کشمش: آدھا پاؤ
پستہ: ایک چھٹانک
گھی: ایک کلو
چھوہارے: آدھا پاؤ
شکر: تین پاؤ
ترکیب:
پہلے انڈوں کو توڑ کر سفیدی الگ کرلیں اور زردی کو کسی صاف برتن میں کپڑے سے چھان لیں۔ پھر اسے اسی برتن میں پھینٹ لیں۔ اسی طرح تین پاؤ گھی کو بھی پھینٹ لیں۔ جب گھی خوب پھول جائے، تو باقی کے پاؤ بھر گھی میں تمام میوہ جات کو پیس کر کھوئے میں ملا کر بھون لیں۔ پھر پھینٹے ہوئے انڈوں اور گھی کو ملا کر ہلکی آنچ پر رکھ کر کسی چمچے سے چلاتی رہیں۔ جب خوشبو دینے لگے تو زعفران کو جوکہ پہلے سے ہی کیوڑہ میں پیس کر رکھ لیا گیا ہے۔ اس مادے میں ملا دیں۔ پھر تھوڑی دیر کے بعد کھویا اور شکر ملاکر بھونیں جب گھی چھوٹنے لگے تو سمجھ لیں کہ حلوہ تیار ہو گیا۔ اب بادام پستہ کو اوپر سے کوٹ کر چھڑک دیں۔
گاجر کا حلوہ
اجزاء:
تیل: ڈیڑھ پیالی
چھوٹی الائچی: چھے عدد
فُل کریم دودھ: دو سے تین پیالی خشک
چینی: دو پیالی
اخروٹ: آدھی پیالی، چھلے اور باریک کٹے ہوئے
بادام: دس عدد
پستے: دس عدد
چاندی کے ورق: گارنش کے لیے
ترکیب:
گاجروں کو چھیل کر کدوکش کریں اور ان کا پانی خشک کر لیں۔
ایک کڑاہی میں تیل گرم کر کے چھوٹی الائچی کچل کر ڈال دیں۔
جب خوشبو آنے لگے تو خشک کی ہوئی گاجریں شامل کر کے اچھی طرح بھون لیں۔
اس کے بعد دودھ، چینی اور اخروٹ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔
جب تیل الگ ہونے لگے تو گاجر کا مزے دار حلوہ تیار ہے۔
تھالی میں ذرا سی چکنائی لگا کر اس میں حلوہ پھیلا دیں۔
آخر میں بادام اور پستے ڈال کر چاندی کے ورق سے گارنش کردیں۔