11حساس یوسیز میں انسداد پولیو مہم شروع 2لاکھ43ہزار بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

مہم 18نومبر تک جاری رہے گی،876 انسداد پولیو رضاکار اور سپر وائزرز فرائض سرانجام دیں گے

پولیومہم کو مانیٹر کرنے کیلیے کمشنرکراچی کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی کی 11 حساس یونین کونسلوں میں ہفتہ کوخصوصی انسداد پولیومہم شروع کی گئی جہاں سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے تھے،پولیومہم کو مانیٹر کرنے کیلیے کمشنرکراچی کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے ۔

خصوصی پولیومہم مانیٹر کرنے کیلیے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اورسیکریٹری صحت اقبال درانی اورڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈویژن ڈاکٹرظفر اعجازنے دورہ کیااورعوام سے مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی،انھوں نے شہریوں سے کہا ہے کہ مہم کے دوران رضاکاروں کی ٹیمیں نہ پہنچنے کی صورت میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر یا کمشنر کراچی کنٹرول روم 02199203443پر مطلع کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

پولیومہم کی ایس ایس پی اعجاز ہاشمی سیکیورٹی عملہ کے امورکی نگرانی کی،انسداد پولیومہم ضلع شرقی،گڈاپ ٹاؤن میں گجر یونین کونسل ، ضلع غربی گڈاپ ٹاؤن میں سونگل یونین کونسل اورمنگھو پیر یونین کونسل ،ضلع غربی ٹاؤن بلدیہ میں اتحاد ٹاؤن یونین کونسل ، ٹاؤن اورنگی میں چشتی نگر یونین کونسل اور سائٹ ٹاؤن میں اسلامیہ کالونی یونین کونسل ضلع وسطی لیاقت آباد ٹاؤن یونین کونسل، ضلع ملیر ٹاؤن بن قاسم میں ریہٹری یونین کونسل ٹاؤن لانڈھی یونین کونسل مظفرآباد اورمسلم آٓباد یونین کونسل اور ضلع کورنگی ٹاؤن کورنگی میں چکرا گوٹھ یونین کونسل شامل ہیں، یونین کونسلوں میں 2 لاکھ 43 ہزار 307 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے،ان بچوں کو پولیوکے قطرے پلانے کے لیے 692 ٹیمیں متعین کی ہیں ان کے لیے 159 ایریا انچارجز فرائض انجام دیں گے جبکہ 25 یونین کونسل میڈیکل افسران کو متعین کیا گیا ہے۔


اس طرح 876 پولیو ورکرز اور سپر وائزرز انسداد خصوصی انسداد پولیو مہم میں فرائض انجام دیں گے،پولیو ورکرز اور سپر وائزرز کی نگرانی ٹاؤن ہیلتھ افسران کریں گے،ڈاکٹر ظفر اعجاز کو انسداد پولیو مہم کے دوران تمام ہیلتھ افسران کے انچارج مقر ر کیا گیا ہے اور پو لیو کے قطرے پلانے کی مہم کے نگرانی کررہے ہیں، کمشنر کراچی نے ڈکٹر ظفراعجاز اور ایس ایس پی اعجاز ہاشمی کو اپنے فرائض تندہی اور ذمے داری سے ادا کر نے کی ہدایت کی ہے ،انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ عملہ کی بروقت حاضری اور مقررہ اوقات کے داران ذمے داری سے فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے اقداما ت کریں گے ۔

جن تھانوں کی حدود میں انسداد پو لیو مہم جاری ہے ان میں گجر یونین کونسل میں سہراب گوٹھ اور نیو انڈسٹریل ایریا تھانے،، منگھو پیر یو نین کونسل کے لئے منگھو پیر اور سرجانی ٹاؤن تھانے، مظفرآباد یونین کونسل میں قائدآباد تھانہ، مسلم آباد یو نین کونسل میں قائدآباد تھانہ، سونگل یو نین کونسل میں گلشن معمار اور سرجانی ٹاؤن تھانے، اتحاد ٹاؤن میں اتحاد ٹاؤن اور سعید آبا د تھانے، چشتی نگر یو نین کونسل میں اقبال مارکیٹ تھانہ، اسلامیہ کالونی یونین کونسل میں پیر آباد تھانہ، ریڑہی یونین کونسل میں سکھن اور ابراہیم تھانے ، فردوس کالونی یونین کونسل میں گلبہار تھانہ اور چکرا گوٹھ یو نین کونسل میں زمان ٹاؤن تھانہ شامل ہیں کمشنر کراچی نے روز انہ کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں روزانہ کمشنر کراچی کے دفتر میں رات آٹھ بجے کمشنر کراچی کی صدارت میں جائزہ اجلاس ہو گا جس میں ہر روز کی کار کردگی کا جا ئزہ لیا جا ئے گا تاکہ ہر روز کے تجربہ کی بنیا د پر مہم کو اگلے روز زیادہ مو ثر اور بہتر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں تمام یونین کونسل میڈیکل افسران، پولیو ورکرز ، ٹاؤن ہیلتھ افسران ، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور ڈپٹی کمشنر ز شر کت کریں گے،انسداد پولیو مہم میںہر روز صبح نوبجے سے شام چار بجے تک پو لیو کے قطرے پلانے کے اوقات مقر ر کیے گئے ہیں۔ کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ مہم کے انچارج ڈاکٹر ظفر اعجاز صحت کے عملہ کو جبکہ ایس ایس پی اعجاز ہاشمی پولیس کے عملہ کو بر وقت مقررہ جگہ پہنچنے کو یقینی بنائیں انھوں نے ڈپٹی کمشنرزکو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ انسداد پولیو مہم کو مانیٹرکریں اور روزانہ اس کی رپورٹ پیش کریں اور گا ہے بہ گاہے انھیں صورتحال سے آگاہ رکھیں۔
Load Next Story