وزیراعظم کے سامنے پاکستانی اسٹارزکو سانپ سونگھ گیا

میچ کے دوران اسٹیڈیم میں وزیراعظم نوازشریف اورافغان صدر کی موجودگی سے پاکستانی اسٹارز کو سانپ سونگھ گیا۔


Sports Reporter November 16, 2014
پاکستانی اے ٹیم مقررہ اوورزمیں 9 وکٹیں گنوانے کے باوجود صرف 100 تک ہی پہنچ سکی ۔ فوٹو : آن لائن

افغانستان اے سائیڈ کے خلاف میچ کے دوران اسٹیڈیم میں وزیراعظم نوازشریف اورافغان صدر کی موجودگی سے پاکستانی اسٹارز کو سانپ سونگھ گیا، مہمان سائیڈ نے محمد عرفان، عمر گل، صہیب مقصود، ناصر جمشید اور انور علی پر مشتمل میزبان اے ٹیم کو 54 رنز سے آؤٹ کلاس کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شالیمار کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوستانہ میچ کو وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی نے بھی دیکھا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں صرف 4 وکٹیں گنوانے کے بعد 154 رنز بنائے، نجیب اللہ زدران نے32 گیندوں پر ناقابل شکست 60رنز جوڑے جس میں 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے، سمیع اللہ شنواری نے ناٹ آؤٹ 27 کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا، بلاول بھٹی43 اور عمر گل 31 رنز کی پٹائی برداشت کرنے کے باوجود وکٹ سے محروم رہے، محمد عرفان نے 3 اوورز میں 23 رنز دیکر ایک وکٹ اپنے نام کی، رضا حسن نے کفایتی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو اوورز میں 11 رنزدیے اور ایک وکٹ اپنے نام کی۔

جواب میں پاکستانی اے ٹیم مقررہ اوورزمیں 9 وکٹیں گنوانے کے باوجود صرف 100 تک ہی پہنچ سکی، بابر اعظم نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے۔ ناصر جمشید پہلی ہی گیند پر محمد نبی کا شکار بنے، اویس ضیا(12) کا سفر نسیم براس نے ختم کیا، کپتان صہیب مقصود 7 رنز بنانے کے بعد ٹیم کو تنہا چھوڑ گئے، محمد رضوان 18 اور سعد نسیم نے1 رن پر ہمت ہار دی، انور علی 17 کے ساتھ آخر تک وکٹ پر موجود رہے، مہمان ٹیم کے محمد نبی، گلبدین نائب اور آفتاب عالم نے 2,2 میزبان کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ میچ کو دیکھنے کیلیے چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور نجم سیٹھی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں