چٹاگانگ ٹیسٹ بنگال ٹائیگرز نے زمبابوے کو گھیر لیا

بنگلہ دیش نے دوسری اننگز 319 رنز 5 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کی، فتح کیلیے 449 رنز کا ورلڈ ریکارڈ ہدف دے ڈالا۔

تمیم اقبال نے 65 رنز بنائے، تناشے پانیانگرا اورمشانگوے نے دو،دو وکٹیں لیں۔ فوٹو : اے ایف پی

تیسرے ٹیسٹ میں بنگال ٹائیگرز نے زمبابوے کو گھیر لیا، فتح کیلیے 449 رنز کا ورلڈ ریکارڈ ہدف دے دیا۔

مومن الحق کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے دوسری اننگز 319 رنز 5 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کی۔ تمیم اقبال نے 65 رنز بنائے، تناشے پانیانگرا اورمشانگوے نے دو،دو وکٹیں لیں۔ جواب میں زمبابوے نے چوتھے دن کے اختتام تک ایک وکٹ پر 71 رنز بنالیے، سکند ررضا 43 اور ہیملٹن مساکیڈزا 26 رنز پر کھیل رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو میزبان سائیڈنے 23 رنز بغیر کسی نقصان کے کھیل کا آغاز کیا۔ جلد ہی امرالقیس 15 رنز پر پانیانگرا کی وکٹ بن گئے۔


تمیم اقبال نے ففٹی مکمل کی تو ان کی آنکھوں میں ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگرز میں سنچری جڑنے والے پہلے بنگلہ دیشی کھلاڑی بننے کے خواب جھلملانے لگے لیکن مشانگوے نے جیسے ان کی سوچ کو پڑھ لیا، اس سے قبل کہ وہ اپنی منزل کے قریب بھی پہنچتے، انھوں نے 65 رنز پر اوپنر کو بولڈ کردیا۔ تمیم اقبال نے پہلی باری میں 109 رنز بنائے تھے۔مومن الحق نے اس بار ان کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 113 رنز جوڑے، محمود اللہ 30 رنز پر پانیانگرا کی دوسری وکٹ بنے اس بار بھی کیچ وکٹ کیپر موتمبامی کے گلوز میںہی محفوظ ہوا۔ شکیب الحسن (17) مشانگوے کی گیند پر ایروائن کا کیچ بنے۔ مشفیق الرحیم نے سکندر رضا کی وکٹ بننے سے قبل 46 رنز بنائے۔

مجموعی اسکور جب 319 اور برتری448 ہوئی تو بنگلہ دیش نے دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، اس وقت مومن 131 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے یہ ان کے کیریئر کا بارہواں ٹیسٹ ہے۔ جواب میں اس بار بھی زمبابوے کو پہلا صدمہ برین چاری نے ہی پہنچایا، پہلی اننگز کی طرح اس بار بھی وہ کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔جب دن کا اختتام ہوا تو مہمان سائیڈ نے ایک وکٹ پر 71 رنز بنائے تھے جبکہ انھیں 449 رنز کا ناممکن ہدف حاصل کرنے کیلیے مزید 378 رنز درکار تھے۔ سکندر رضا 43 اور ہیملٹن مساکیڈزا 26 رنز پر کھیل رہے تھے۔
Load Next Story