حکومت کا پٹرولیم قیمتوں کے تناسب سے اشیا کے نرخ کم نہ ہونے کا سخت نوٹس

نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس کل طلب، ٹرانسپورٹ کرایوں اوراشیا کی قیمتوں میں کمی یقینی، ذرائع

نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس کل طلب، ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیا کی قیمتوں میں کمی یقینی، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کیخلاف اسٹریٹجی بنائی جائیگی، ذرائع فوٹو: کریٹیو کامنز/فائل

LONDON:
وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مطابق ملک میں اشیا کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے اور چاروں صوبوں کے نمائندوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔


ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں اشیا کی قیمتوں میں کمی کو یقنی بنانے کے لیے پیر کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کریں گے، اجلاس میں چاروں صوبوں کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیا کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور اجلاس میں اہم فیصلے بھی متوقع ہیں جس میں صارفین سے اوور چارجنگ کرنے والے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی شروع کرنے کے لیے بھی لائحہ عمل طے کرنے پر غور ہوگا، اس کے علاوہ ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے پرائس کمیٹیوں کو فعال بنانے پر بھی غور ہوگا۔

اجلاس میں ملک میں اشیائے ضروریہ کی مروجہ قیمتوں کا خطے کے دوسرے ممالک میں رائج قیمتوں کے ساتھ موازنہ بھی کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر تک کمی ہوئی اور اس کے مطابق قیمتوں میں کمی کو یقینی بنانے کے لیے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طرف سے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کو خطوط بھی لکھے گئے مگر اس کے باوجود اشیا کی قیمتوں میں اس تناسب سے کمی واقع نہیں ہوئی جس کے باعث اب پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔
Load Next Story