جہلم میں تحریک انصاف کے قافلے پر فائرنگ سے 8 افراد زخمی ہوگئے
مسلم لیگ کے سابق ایم پی اے نے چوہدری ندیم خادم نے فائرنگ کے واقعے میں ملوث 3 افراد کو پولیس کے حوالے کردیا
LONDON:
پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام میں شرکت کے لئے جانے والے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جہلم میں تحریک انصاف کے جلسہ عام میں شرکت کے لئے نواحی قصبے گرمالہ سے قافلہ جلوس کی شکل میں جارہا تھا کہ راستے میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ ہوگئی، جس کے نتیجے میں قافلے میں شریک 8 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لے جایا گیا جہاں 2 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
تحریک انصاف کے مقامی رہنماافضل بنڈی نے الزام لگایا کہ فائرنگ کے واقعے میں چوہدری ندیم خادم ملوث ہیں۔ ان ہی کے ایما پر تحریک انصاف کے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔ دوسری جانب چوہدری ندیم خادم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکن جہانگیر نامی شخص نے پہلے ان کے گھر پر فائرنگ کی جس کے بعد گارڈز نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جبکہ چوہدری ندیم خادم نے فائرنگ کے واقعے میں ملوث ناصر، کبیر اور طلعت نامی 3 افراد کو پولیس کے حوالے کردیا۔