جھوٹے کہیں کے۔۔۔ بولی ووڈ کے اداکار نکلے فریب کار

ٹاپ اسٹارز کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر اصلی سے زیادہ جعلی فالوورز

ٹاپ اسٹارز کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر اصلی سے زیادہ جعلی فالوورز۔ فوٹو: فائل

لیجیے جناب! بھارتی فلمی صنعت کے اداکار نکلے فریب کار، مگر ان کی فریب کاری چھپی نہ رہ سکی اور حقیقت لوگوں کے سامنے آہی گئی۔

اس اجمال کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ بولی وڈ کے ستارے لوگوں کی نگاہوں کا مرکز بننے کے لیے طرح طرح کی کاوشیں کرتے اور مختلف ذرایع کا استعمال کرتے ہیں۔ اس طرح وہ یہ بتانے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ اپنے پرستاروں میں بہت مقبول ہیں۔ اس حوالے سے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ان کے فالوورز کی تعداد زیادہ سے زیادہ دکھائی دے۔ چناں چہ بولی وڈ کے یہ سرفہرست اداکار ٹوئٹر پر جعلی فالوورز حاصل کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر ان کی فالوانگ بہت زیادہ ہے، جو ان کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔

حال ہی میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں بولی وڈ کے ٹاپ ٹین اسٹارز کی اس دھوکا دہی کا پردہ چاک کیا گیا ہے۔ ان اداکاروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ ''ٹوئٹر آڈٹ'' کے ذریعے چیک کیے گئے، جس کے نتیجے میں بہت سے دل چسپ حقائق سامنے آئے۔ یہاں ہم بولی وڈ کے ان ٹاپ ٹین اداکاروں کے جعلی فالوورز کی تعداد دے رہے ہیں، جس سے آپ کو اندازہ ہوجائے گا کہ ان اداکاروں میں سے کون زیادہ بڑا فریب کار اور دروغ گو ہے:

٭شاہ رُخ خان: بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان بہ ظاہر ٹوئٹر پر فالوانگ کے اعتبار سے بھارت کے کام یاب ترین اداکار ہیں اور ان کے سب سے زیادہ مداح دکھائی دیتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کے 13 لاکھ اصلی اور 19 لاکھ جعلی فالوورز ہیں۔

٭دیپیکا پاڈوکون: دیپیکا پاڈوکون کے ٹوئٹر پیج پر دیگر بھارتی اداکاروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ اسپام لائیکس ہیں۔ اس اداکارہ کے 19 لاکھ فین اصلی ہیں جب کہ موصوفہ کے 25 لاکھ فین جعلی ہیں۔



٭سلمان خان: اپنی فلموں میں سچائی اور اچھائی کے لیے لڑتے سلمان خان عرف دبنگ خان بھی اصلی زندگی میں جھوٹے ثابت ہوئے۔ موصوف کے 9 لاکھ اصلی فین ہیں اور ان کے جعلی فالوورز کی تعداد 24 لاکھ ہے۔

٭پریانکا چوپڑا: بولی وڈ کی اس ٹاپ کلاس اداکارہ کے ٹوئٹر پر اصلی فالوورز کی تعداد صرف 9 لاکھ ہے اور محترمہ نے جعل سازی سے مزید 29 لاکھ فالوورز ظاہر کیے ہوئے ہیں۔ کوئی حد ہے جھوٹ کی!




٭عامر خان: مسٹرپرفیکٹ بھی دھوکادہی کے معاملے میں اپنے ساتھی اداکاروں سے پیچھے نہیں۔ ان کے اصلی فالوورز ہیں 9 لاکھ اور جعلی فالوورز کی تعداد ہے28 لاکھ۔

٭سوناکشی سنہا: ہٹ فلمیں دینے کے باوجود ٹوئٹر پر سونا کشی سنہا کے فالوورز کی تعداد خاصی کم ہے، یعنی صرف 4 لاکھ، اس کمی کو پورا کرنے کے لیے محترمہ نے 13 لاکھ جعلی فالوورز بنارکھے ہیں۔



٭سونم کپور: کام یاب فلمیں دینے والی سونم کپور بھی ٹوئٹر پر زیادہ کام یاب نہیں۔ ان کے اصلی فالوورز ہیں 13 لاکھ اور جعلی فالوورز کی تعداد ہے37 لاکھ۔

٭ابھیشیک بچن: ابھیشیک بچن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر صرف 6 لاکھ اصلی فالوورز ہیں اور موصوف نے 23 لاکھ جعلی فالوورز شو کیے ہوئے ہیں۔



٭اکشے کمار: اگرچہ اکشے کمار ہٹ فلمیں دے رہے ہیں، لیکن خود ٹوئٹر پر وہ زیادہ ''ہِٹ'' نہیں ہوسکے۔ ان کے اصلی فالوورز محض 7 لاکھ ہیں اور جعلی فالوورز 22 لاکھ ہیں۔

٭رنویر سنگھ: حال ہی میں نام بنانے والے نوجوان اداکار رنویر سنگھ اس معاملے میں اپنے سنیئرز سے کہیں زیادہ بہ کردار نکلا۔ اس کے ایک لاکھ 27 ہزار اصلی اور ٹھیک اتنے ہی، یعنی ایک لاکھ 27 ہزارجعلی فالوورز ہیں۔
Load Next Story