بنگلہ دیش نے زمبابوے کی امیدوں پر جھاڑو پھیر دی

ورلڈ ریکارڈ 449 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی مہمان سائیڈ 262 پر ہمت ہار گئی۔


AFP November 17, 2014
بنگلہ دیش نے اپنی تاریخ میں دوسری مرتبہ کسی ٹیم کے خلاف کلین سوئپ کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش نے زمبابوے کی امیدوں پر جھاڑو پھیر دی، تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 186 رنز کی کامیابی سے کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

ورلڈ ریکارڈ 449 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی مہمان سائیڈ 262 پر ہمت ہار گئی، ریگس چاکابوا 89 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، شفیع الاسلام، روبیل حسین، جوبیر حسین اور شیواگاتا ہوم نے دودو وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے زمبابوے کو چٹاگانگ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میں فتح کیلیے 449 رنز کا ہدف دیا مگر مہمان ٹیم آخری روز چائے کے وقفے سے کچھ دیر پہلے 262 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

71 رنز ایک وکٹ سے آخری دن کے کھیل کا آغاز کرنے والی زمبابوین سائیڈ کی جانب سے ریگس چاکابوا واحد بیٹسمین تھے جنھوں نے مزاحمت جاری رکھی اور ناٹ آؤٹ 89 رنز بنائے مگر دوسرے اینڈ سے انھیں مدد نہیں مل پائی۔ فاسٹ بولرز شفیع الاسلام اور روبیل حسین جبکہ اسپنرز جوبیر حسین اور شیواگاتا ہوم نے دودو وکٹیں وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو تاریخ کامیابی سے ہمکنار کردیا۔

پوری سیریز کے دوران بنگال ٹائیگرز چھائے رہے، ڈھاکا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں 3 وکٹ جبکہ کھلنا میں دوسرے میچ میں 162 رنز کی فتح ہاتھ آئی۔ بنگلہ دیش نے اپنی تاریخ میں دوسری مرتبہ کسی ٹیم کے خلاف کلین سوئپ کیا ہے، اس سے پہلے اس نے 2009 میں ویسٹ انڈیز کی بی ٹیم کو دونوں میچز میں ہرایا تھا اس وقت کیریبیئن جزائرکے ٹاپ بیٹسمین ہڑتال پر تھے۔

بنگلہ دیش نے 2000 میں ٹیسٹ اسٹیٹس حاصل ہونے کے بعد اس فارمیٹ کے 88میں سے صرف 7 میچز جیتے 70 میں شکست جبکہ گیارہ ڈرا ہوئے ہیں۔اس کامیابی کے ساتھ بنگلہ دیش ٹیسٹ رینکنگ میں دسویں سے نویں نمبر پر آگیا ہے۔ آل راؤنڈر شکیب الحسن کو 251 رنز اور 18 وکٹیں لینے کی وجہ سے مین آف دی سیریز قرار دیا گیا ہے۔مین آف دی میچ مومن الحق قرار پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں