قائداعظم ٹرافی بیٹسمینوں میں فضل سبحان کی اونچی اُڑان جاری

ایونٹ کے چھٹے مرحلے کے اختتام پر بیٹنگ میں کراچی ڈولفنز کے فضل سبحان 545 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔


Sports Reporter November 17, 2014
ساتویں مرحلے کا کل سے آغاز، کراچی ڈولفنز کا مقابلہ ملتان ٹائیگرز سے ہوگا جبکہ لاہور لائنز اور پشاور پینتھرز کے درمیان میدان سجے گا۔ فوٹو: فائل

قائداعظم ٹرافی گولڈ لیگ 2014-15 کے چھٹے مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی ٹیم 42 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست آگئی ہے۔

نیشنل بینک 41 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، واپڈا 35 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، پورٹ قاسم 34 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور یونائیٹڈ بینک 32 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہیں۔ اب تک کھیلے گئے ایونٹ کے میچز میں بیٹنگ میں کراچی ڈولفنز کے فضل سبحان اور بولنگ میں واپڈا کے محمد علی پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

ایونٹ کے چھٹے مرحلے کے اختتام پر بیٹنگ میں کراچی ڈولفنز کے فضل سبحان 545 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، کراچی ڈولفنز ہی کے افتخار احمد 530 رنز کے ساتھ دوسرے، واپڈا کے عمر صدیق 514 رنز کے ساتھ تیسرے، لاہور لائنز کے کامران اکمل 503 رنز کے ساتھ چوتھے اور نیشنل بینک کے خالد لطیف 479 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

اسی طرح بولنگ کے میدان میں واپڈا کے محمد علی 42 وکٹوں کے ساتھ پہلے، اسلام آباد لیپرڈز کے شہزاد اعظم 41 وکٹوں کے ساتھ دوسرے ، واپڈا کے وقاص محمود 39 وکٹوں کے ساتھ تیسرے، پورٹ قاسم کے سہیل خان 34 وکٹوں کے ساتھ چوتھے جبکہ ملتان ٹائیگرز کے ماجد علی 31 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی گولڈ لیگ 2014-15 کے ساتویں مرحلے کا آغاز منگل سے ہوگا۔پہلا میچ سوئی ناردرن گیس پائپ لمیٹڈ اور یونائیٹڈ بینک کی ٹیموں کے درمیان مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلا جائیگا، دوسرے میچ میں نیشنل بینک اور واپڈا کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل ہونگی، تیسرے میچ میں زرعی ترقیاتی بینک اور پورٹ قاسم کی ٹیمیں نیشنل کرکٹ گراؤنڈ، اسلام آباد میں مد مقابل ہونگی۔

لاہور لائنز اور پشاور پینتھرز کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چوتھے میچ میں نبرد آزما ہونگی، پانچویں میچ میں اسلام آباد لیپرڈز اور راولپنڈی ریمز کی ٹیمیں ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ، اسلام آباد میں مد مقابل ہونگی جبکہ کراچی ڈولفنز اور ملتان ٹائیگرز کی ٹیموں کے درمیان چھٹا میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں