کراچی مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات 5 افراد ہلاک

سائٹ باوانی چالی میں فائرنگ کے واقعے میں3افراد ساجد، عرفان اور علیم ہلاک جبکہ 4زخمی ہوگئے، ایس ایچ او سائٹ اے

اورنگی میں گھر میں بیٹے کی فائرنگ سے باپ ہلاک، داماد زخمی۔ فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ کے علاقے باوانی چالی میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور4زخمی ہوگئے۔

ایس ایچ او سائٹ اے انسپکٹر فصیح الزماں نے ایکسپریس کو بتایا کہ باوانی چالی میں نامعلوم شخص نے چھولے کے ٹھیلے پربیٹھے ساجدنامی شخص پر فائرنگ کر دی، ساجد بھاگنے لگاتوملزم نے تعاقب کرکے اندھادھند فائرنگ کی جس کی زدمیں آکر40سالہ علیم جان، 9سالہ عرفان، 18 سالہ فیض اللہ، 25 سالہ یار محمد، 62سالہ شیرزادہ اور 40سالہ محبوب زخمی ہوگئے، فائرنگ کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ واقعے میں3افراد ساجد، عرفان اور علیم ہلاک ہوئے جبکہ 4زخمی سول اور جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق مرنے والا ساجد جرائم پیشہ شخص ہے اور متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، باقی تمام افراد راہگیرہیں جوکہ فائرنگ کی زد میں آگئے ۔اورنگی ٹاؤن نمبر4 شاہی آبادکے ایک گھرمیں فائرنگ سے45سالہ سردارعلی ہلاک جبکہ اس کاداماد25سالہ فرمان علی زخمی ہوگیا، ہلاک وزخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔


پولیس کے مطابق مقتول سردار کے بیٹے ملزم حسن کاکسی بات پرگھرمیں جھگڑا ہوا تھا جس پراس نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اس کا والد ہلاک اور بہنوئی زخمی ہو گیا۔ملزم واقعے کے بعدفرارہوگیا،زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

رنچھوڑ لائن لکھ پتی چوک کے قریب ہفتے کی شب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہو نے والا28سالہ جنید چوہدری ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سول اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ گیا، مقتول رنچھوڑ لائن کے ایم سی گراؤنڈکے قریب منصوری کمپاؤنڈ کا رہائشی اورکباڑیہ تھا۔

نارتھ ناظم آباد کٹی پہاڑی کے قریب فائرنگ سے 30 سالہ اشتیاق محمد، لیاقت آباد ایف سی ایریا میں 28 سالہ حمزہ، بلدیہ ٹاؤن نمبر12میں فائرنگ سے 20سالہ عبدالواحد زخمی ہوگیا۔رضویہ کے علاقے میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے17 سالہ عدنان، آصف اور30سالہ شہزاد زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔
Load Next Story