امیتابھ بچن نے لتا منگیشکر کو رلا دیا

"کون بنے گا کروڑ پتی" کے آخری شو کے موقع پرامیتابھ نے گانے کی 2 سطریں پڑھی جس پر لتا کی آنکھیں نم ہوگئیں۔


ویب ڈیسک November 19, 2014
کون بنے گا کروڑ پتی کے آخری شو کے موقع پر امیتابھ نے گانے کی 2 سطریں پڑھی جس پر لتا کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ فوٹو؛فائل

ISLAMABAD: بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن نے اپنے معروف ٹی وی شو " کون بنےگا کروڑ پتی" کے اختتامی پروگرام میں بعض اداکاروں کے ساتھ گپ شپ میں کچھ ایسی باتیں کیں جنہیں سن کر معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کی آنکھیں نم ہو گئیں۔

ہوا یہ کہ معروف پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی کے آٹھویں سیزن کے آخری پروگرام کی شوٹنگ کے دوران اداکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں رنویر سنگھ، گووندا، پرينیتی چوپڑا اور علی ظفر جیسے فنکار بھی شامل تھے جنہوں نے اپنی نئی ریلیز ہونے والی فلم " کل دل " کی پروموشن کی۔ امیتابھ کے آخری شو میں فنکاروں کی شرکت پر وہ بہت خوش تھے اور انہوں نے اپنے ساتھ اس ٹیم کی ایک تصویر ٹوئٹر پر بھی پوسٹ کی۔ پروگرام کے اختتام پر ان فنکاروں سے بات چیت کے دوران امیتابھ نے فلم کے ایک گانے کی کچھ سطریں دہرائی جس پر لتا بہت جذباتی ہوگئیں اور فیس بک پر اپنے احساسات بیان کیے۔

شو کی آخری قسط کا ذکر کرتے ہوئے لتا منگیشکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر لکھا کہ " امت جی نے پروگرام میں دو لائنیں کہی تھیں، محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے، تیری محفل میں لیکن ہم نہ ہوں گے۔ یہ سن کر میری آنکھیں بھر آئیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ 'امت جی آپ کے لیے میرے دل میں خاص جگہ ہے اور میں آپ کی بہت عزت کرتی ہوں۔ خدا ہمیشہ آپ کو خوش رکھے اور لمبی عمر اور اچھی صحت دے۔

امیتابھ بچن نے بھی جواباً ٹوئٹر پر لکھا ' لتا جی میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں آپ کا شکریہ ادا کر پاؤں۔ " کے بی سی" کا گرینڈ فینالے اختتام کو پہنچا، یہ سفر بڑا پرجوش رہا اورہمیں بتایا گیا ہے کہ یہ میرا 602 ایپی سوڈ تھا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔