شدت پسند تنظیمیں ہمارے نہیں پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے خطرہ ہیں امریکا

پاکستانی طالبان اورحقانی نیٹ ورک سمیت تمام شدت پسندگروپ امریکا اور پاکستان سمیت خطےکی سلامتی کیلئےخطرہ ہیں،محکمہ خارجہ


ویب ڈیسک November 19, 2014
پاکستانی حکام نے بتایا ہے کہ وہ تمام شدتپسند تنظیموں کے خلاف کارروائی کریں گے، جیف راتھکی فوٹو: فائل

امریکا نے وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے بیان پر کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور حقانی نیٹ ورک سمیت تمام شدت پسند تنظیمیں صرف امریکا کے لئے نہیں بلکہ پاکستان اور پورے خطے کے لئے بھی خطرہ ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان جیف راتھکی کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کئی برسوں سے پاکستانی حکومت کو اپنے نکتہ نظر سے آگاہ کرتی رہی ہے کہ پاکستانی طالبان اور حقانی نیٹ ورک سمیت تمام شدت پسند گروپ امریکا اور پاکستان سمیت خطے کی سلامتی کے لئے بڑا خطرہ ہیں۔ یہ انتہائی اہم ہے کہ ان شدت پسندوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کی جائیں۔ یہی پیغام ہم امریکا کے دورے پر آئے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کو بھی دیں گے۔

جیف راتھکی کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کو پاکستانی حکام نے بتایا ہے کہ ان کی حکومت تمام شدت پسند تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ اس کے علاوہ ہم پاکستان کی جانب سے سرتاج عزیز کے بیان کی وضاحت کا خیر مقدم کرتے ہیں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور شمالی وزیرستان میں تمام دہشت گرد گروہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور اور قومی سلامتی سرتاج عزیز نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ 'انھیں کیوں نشانہ بنائیں جو ہمارے لئے خطرہ نہیں؟۔ وزارت خارجہ نے ان کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے اور آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔