امریکا میں وقت سے قبل ہی پڑنے والی غیر معمولی شدید برف باری کے نتیجے میں ملک کا 50 فیصد حصہ برفباری کی زد میں ہے جبکہ مختلف حادثات کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی جب کہ حالیہ شدید برفباری کے نتیجے میں ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے جس کے باعث کئی ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔
ریاست نیویارک کے شہر بوفیلو میں 5 فٹ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ حادثات کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں 7 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کو کلئیر کرنے کے لئے نیشنل سیکیورٹی گارڈز کو طلب کرلیا گیا ہے۔ نیشنل ویدر سروس کے مطابق آج مزید 3 فٹ تک برف پڑنے کا امکان ہے جبکہ اب تک کئی علاقوں میں 6 فٹ 4 انچ تک برفباری ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ بوفیلو کے میئر کا کہنا ہے کہ یہ گذشتہ 40 سال میں پڑنے والی سب سے شدید برف باری ہے۔ دوسری جانب برفباری سے متاثر ہونے والے شہر ایری کنٹری کے میئر کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جتنی برف پڑی اتنی پورے سیزن میں نہیں ہوئی اور اتنے کم وقت میں اتنی شدید برف باری کبھی نہیں دیکھی، ہر طرف برف ہونے کے باعث لوگوں کو سفر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بسیں اور کاریں کئی فٹ برف میں پھنس چکی ہیں۔