پاکستان میں داعش کو ابھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی آرمی چیف جنرل راحیل شریف

ہشت گرد دوبارہ اپنا کیمپ پاکستان میں فعال نہیں کر سکیں گے، سربراہ پاک فوج


ویب ڈیسک November 20, 2014
آرمی چیف نے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی اور دیگر سفارتکاروں سے بھی ملاقات کی۔ فوٹو؛ آئی ایس پی آر

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں داعش یا اس جیسی کسی شدت پسند تنظیم کو ابھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

واشنگٹن میں امریکا کے لئے پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبالیے سے خطاب کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کا مقصد دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنا ہے اور شدت پسندوں کو بلاامتیاز ہدف بنایا جارہا ہے۔ داعش یا اس جیسی کسی عسکریت پسند تنظیم کو پاکستان میں ابھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی سینیٹ کی آرمز سروسز کمیٹی کے اراکین سینیٹر رابرٹ مینینڈس اور رابرٹ کروکر سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور پیشہ ورانہ امور سمیت خطے میں دہشت گردی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دہشت گرد دوبارہ اپنا کیمپ پاکستان میں فعال نہیں کر سکیں گے۔ اس موقع پر امریکی سینیٹ کے ارکان نے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کا کمانڈر اینڈ کنٹرول اسٹرکچر تباہ کردیا ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ طویل المعیار شراکت داری اور تعلقات چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں جہاں پر وہ امریکا کے اعلی عسکری اور سیاسی حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں