چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ ملک میں لسانی بنیادوں پر صوبے نہیں بننے چاہئیں جبکہ ہم سندھ کی تقسیم کے حق میں بھی نہیں ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا کہ دھرنا ہمارا آئینی حق ہے اور ہمارا کوئی مطالبہ بھی آئین سے باہر نہیں،انصاف کے لیے ہر قانونی راستہ اپنایا لیکن نہیں ملا، موجودہ نظام میں انصاف کا حصول بہت مشکل ہے، ہم انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے نکلے ہیں جبکہ آرمی چیف سے ملاقات میں انہوں نے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات میں آئی ایس آئی کی شمولیت کی یقین دہانی کرائی تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا حکومت نے مذاکرات کے لیے 30 نومبر کی کال واپس لینے کا کہا لیکن کال واپس لی تو حکومت پر دباؤ ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر جگہ تاریخی جلسے کیے لیکن بلاول بھٹو کے جلسے میں لوگوں کو زبردستی لایا جاتا ہے، سندھ کے حالات بلوچستان سے بھی خراب ہیں، کالا باغ ڈیم کے معاملے پر سندھ میں بہت خوف ہے لیکن ڈیم سندھ کی رضا مندی کے بغیر نہیں بننا چاہئے، ہم سندھ کی تقسیم کے حق میں نہیں ہیں جبکہ ملک لسانی بنیادوں پر صوبے بھی نہیں بننے چاہئیں۔