عمدہ بیٹنگ کا صلہریکارڈزسرفراز کی جھولی میں گرنے لگے

سرفراز احمد ایک برس میں زیادہ ٹیسٹ سنچریاں اسکور کرنے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بن گئے


Sports Desk November 21, 2014
سرفراز 74.11 کی اوسط سے 8 ٹیسٹ میں667 رنز اسکور کرچکے ہیںک سی بھی پاکستانی کیپر کی جانب سے ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD: سرفراز احمد کو عمدہ بیٹنگ کا صلہ ملنے لگا، ریکارڈز اب ان کی جھولی میں گرنے لگے ہیں،وہ ایک برس میں سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں اسکور کرنے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بن گئے۔

انھوں نے پاکستانی ریکارڈ بک میں کامران اکمل کو پیچھے دھکیل دیا، وہ اینڈی فلاور، ابراہم ڈی ویلیئرز اور ایڈم گلکرسٹ کی ہمسری کرنے لگے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سرفراز احمد نے 112 رنز بنائے، یہ ان کی رواں برس میں تیسری ٹیسٹ سنچری ہے، ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ 4 سنچریاں بنانے والے وکٹ کیپر کا اعزاز ابراہم ڈی ویلیئرز کے پاس ہے جو انھوں نے گذشتہ سال حاصل کیا تھا۔

اس سال سرفراز 74.11 کی اوسط سے 8 ٹیسٹ میں667 رنز اسکور کرچکے ہیں، یہ کسی بھی پاکستانی کیپر کی جانب سے ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز ہیں، ان کے بعد کے چار بڑے مجموعے کامران اکمل کے نام ہیں۔ اب تک ایک برس میں 70 یا زائد کی اوسط سے صرف 4 وکٹ کیپرز 500 پلس ٹیسٹ رنز اسکور کرچکے ہیں، زمبابوے کے اینڈی فلاور نے یہ کارنامہ 2مرتبہ انجام دیا۔

راحت علی کو پاکستان کی دسویں وکٹ کیلیے 75 پلس کی شراکتوں کا 2 مرتبہ حصہ بنے والے واحد کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوگیا، انھوں نے سرفراز کے ساتھ 81 کی پارٹنر شپ کی جبکہ گذشتہ برس ستمبر میں زمبابوے سے میچ میں یونس خان سے مل کر 88 رنز کی ناٹ آئوٹ شراکت بنائی تھی۔ دسویں وکٹ کیلیے پاکستان کی سب سے بڑی 151 رنز کی پارٹنر شپ اظہر محمود اور مشتاق احمد کے نام ہے جو انھوں نے راولپنڈی میں اکتوبر 1997 میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنائی تھی۔ رواں برس پاکستانی بیٹسمینوں نے اب تک 18 سنچریاں بنائیں،کسی بھی دوسرے ملک کے بیٹسمینوں نے 2014 میں 12 سے زیادہ تھری فیگر اننگز نہیں سجائیں، اس سے قبل 2006 میں پاکستان نے 20 سنچریاں جڑی تھیں۔

روس ٹیلر نے دوسری اننگز میں 77 رنز بنائے جو اس برس ان کی سب سے بڑی ٹیسٹ اننگز ہے، وہ 2014 میں 10 اننگز میں239 رنز صرف 26.6 کی اوسط سے ہی بنا پائے جس میں فقط ایک ہی ففٹی شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں