اغوا اور بھتہ خوری اینٹی وائیلنٹ کرائم سئل کا سب انسپکٹر اور کانسٹیبل گرفتار

سب انسپکٹر شوکت اعوان اورکانسٹیبل سجاد نے مرغی فروش کے کزن عبدالمنیرکو اغواکرکے 5 لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا۔


Staff Reporter November 21, 2014
اغواکار اہلکاروں کے پکڑے گئے ساتھی جواد اور ارشد نے مغوی کے اہلخانہ سے ایک لاکھ روپے وصول کیے تھے فوٹو: فائل

ایس ایس پی وسطی نے اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کے سب انسپکٹر،کانسٹیبل سمیت4 افراد کو اپنے دفتر میں بلوا کر اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں گرفتار کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق گلبرگ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کے سپاہی سجاد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے محمد کامران کے کزن عبدالمنیر بنگالی عرف مٹھوولد محمد علی کو اغوا کر لیا تھا، ملزمان نے محمد کامران کو فون کرکے رہائی کیلیے مبینہ طور پر5لاکھ روپے طلب کیے جس پر مغوی کے اہلخانہ نے بات چیت کے بعد معاملہ ایک لاکھ روپے میں طے کر لیا،دوسری جانب واقعے کی اطلاع گلبرگ پولیس کو بھی کردی۔

جمعرات کی صبح ملزمان نے مغوی کے اہل خانہ کو گارڈن ہیڈ کوارٹر مکی مسجد کے قریب رقم سمیت بلوایا تھا،2ملزمان جیسے ہی رقم وصول کر کے جانے لگے تو پہلے سے موجود گلبرگ پولیس نے2ملزمان جواد اور ارشد کو گرفتار کرکے رقم برآمد کرلی،ایس ایس پی وسطی نعمان صدیقی نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل میں موجود سب انسپکٹر شوکت اعوان کی ٹیم میں ہیں اور ان کا پولیس سے کوئی تعلق نہیں،ان کا کام صرف مغویوں کے اہل خانہ سے رقم وصول کرنا اور بھتہ طلب کرنا ہے۔

ملزمان کے انکشاف کے بعد پولیس نے سب انسپکٹر شوکت اعوان اور اغوا میں براہ راست ملوث سپاہی سجاد کو گرفتار کر کے گلبرگ تھانے میں مدعی محمد کامران کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ، مدعی نے پولیس کو بتایا کہ عید الضحیٰ سے2روز قبل اسے بھی اغوا کیا گیا تھا اور 20ہزار روپے تاوان دینے کے بعد اسے اے وی سی سی پولیس نے رہا کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس پی سینٹرل نعمان صدیقی کی جانب سے بدھ کی شب وائر لیس سیٹ پر انٹری کرائی گئی تھی کہ سب انسپکٹر شوکت اعوان ملزم عبد المنیر کو انکے دفتر لیکر حاضر ہوں،سب انسپکٹر ملزم کو لے کر جب ان کے دفتر پہنچے تو گرفتار کر لیا گیا،پولیس ذرائع نے بتایا کہ معاملہ پولیس کی آپس کی چپقلش کا شاخسانہ ہے ،پکڑے جانے والے ملزم سے وصول کی جانے والی رقم مبینہ طور پر ایس پی سینٹرل نے مانگی تھی جو نہ دینے پر مقدمہ درج کر لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں