پاکستان 2015 تک پولیو وائرس کا خاتمہ کرے عالمی ادارہ صحت

پولیو فری اسٹیٹ نہ ہونے کی صورت میں دنیابھرمیں جانے والے پاکستانیوں کی اسکریننگ کی جائیگی، عالمی ادارہ صحت


Tufail Ahmed November 21, 2014
کراچی میں 16 تا 21 دسمبر انسداد پولیو انجکشن لگائیں جائیں گے، جیل میں بچوں کو پولیو سمیت دیگر حفاظتی ویکسین لگانے کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

KARACHI: عالمی ادارہ صحت نے حکومت پاکستان کو 2015 دسمبر تک پولیو وائرس کے خاتمے کا ہدف دیدیا اور کہا ہے کہ کراچی میں پولیو وائرس نے تباہی پھیلارکھی ہے لہذا کراچی میں خصوصی مہم جاری رکھی جائے اور مطلوبہ ہدف کو ہرحال میں مکمل کیا جائے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان نے پولیو پر جلد قابو نہ پایا تو بیرون ممالک جانیوالے پاکستانیوں کی مشین کے ذریعے اسکریننگ کی جائیگی جس میں معلوم کیا جاسکے گا کہ پاکستانیوں کے جسم میں پولیو وائرس موجود تو نہیں۔ مشین کی اسکریننگ میں پولیووائرس کی تصدیق کے بعد پاکستانی کو واپس بھیج دیاجائے گاجوملک اورعوام کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ کراچی میں رواں سال کے دوران 24پولیو کیسوں کی تصدیق کے بعدعالمی اداروں نے حکومت سندھ کومتنبہ کیاہے کہ کراچی اور سندھ سے آئندہ سال پولیو وائرس کے خاتمے کا ہدف مکمل کیا جائے بصورت دیگردنیابھر میں بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں کی مشین کے ذریعے اسکریننگ کی جائے گی۔

اس صورتحال پرحکومت پاکستان نے چاروں صوبائی حکومتوں کوخصوصی ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ اپنے اپنے صوبوں میں پولیووائرس کے خاتمے کیلیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں،حکومت سندھ نے کراچی میں پولیووائرس کی تباہی کودیکھتے ہوئے16دسمبر سے21دسمبر چلائی جانے والی خصوصی پولیومہم کے دوران پولیو انجکشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے اورکہا ہے کہ مہم میں پولیس اوررینجرز بھی تعینات کی جائیگی اور جس یونین کونسل میں مہم شروع کی جائے گی اس علاقے کا ایک رات قبل حصار بھی کیا جائیگا اور رات گئے اس علاقے کی مانیٹرنگ بھی جارہی رکھی جائے گی تاکہ اگلے روز پولیو انجکشن مہم مکمل کامیاب بنائی جاسکے۔

دوسری جانب حکومت سندھ نے جیل میں ایک بچے کو پولیو وائرس لاحق ہونے کے بعدصوبے کی خواتین جیلوں میں بھی ویکسینشن کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں محکمہ صحت کے ماہرین کی ٹیم بھی تشکیل دی گئی جو جلد ہی سروے مکمل کرکے بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤکی ویکسین دے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں