لاہور ہائیکورٹ نے 30 نومبر کا جلسہ رکوانے کے لئے درخواست منظور کرلی. فوٹو : فائل
لاہور:
ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں 30 نومبر کو تحریک انصاف کا جلسہ رکوانے کی درخواست پر وفاقی، پنجاب حکومت اور عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے 30 نومبر کے جلسے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان حالات کو خانہ جنگی اور انتشار کی طرف لے جانا چاہتے ہیں اس لئے 30 نومبر کا جلسہ رکوانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ جسٹس خالد محمود خان نے درخواست پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مارچ رکوانےکے لیے بھی حکم جاری کیاتھا،اس کاکیابنا سب کومعلوم ہے اور عدالتوں، آئین اور قانون کا مذاق اڑایا جاتا ہے تاہم ہر قیمت پر آئین کا تحفظ ضروری ہے۔
جسٹس خالد محمود نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جلسے کی اجازت دینا چاہتی ہے توآپ کو کیااعتراض ہے جبکہ میڈیا میں یہ آتا ہے کہ حکومت کوجلسے سے کوئی پریشانی نہیں۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت سمیت پنجاب حکومت اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 24 نومبر تک نوٹسز جاری کردیئے۔