تحریک انصاف کی جانب سے آج لاڑکانہ میں ہونے والے جلسے کی تیاری مکمل کرلی گئی جب کہ ملک بھر سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف پیپلزپارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے جس کے لئے تمام تر تیاری مکمل کرلی گئی۔ پارٹی انتظامیہ نے شرکا کو جلسہ گاہ تک لانے اور لے جانے کے علاوہ شرکا کے بیٹھنے کے انتظامات مکمل کرلئے جب کہ اس حوالے سے جلسہ گاہ میں ہزاروں کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔ پارٹی قائدین کے لئے 70 فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا جبکہ جلسہ گاہ کے اطراف پارٹی پرچم اور عمران خان کے پوسٹر آویزاں کئے گئے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اب سے کچھ دیر بعد شرکا سے خطاب کریں گے۔