کراچی میں ایم کیوایم کے کیمپ پر کریکر حملہ 3 ارکان سندھ اسمبلی سمیت 15 افراد زخمی

کریکر حملے میں ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی محمد حسین، عبد اللہ اور سیف الدین خالد بھی زخمی ہوئے

زخمیوں کو قطر اور عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ فوٹو: محمد نعمان/ ایکسپریس

اورنگی ٹاؤن میں متحدہ قومی موومنٹ کے کیمپ پر کریکر حملے میں ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی محمد حسین، عبد اللہ اور سیف الدین خالد سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کریکر حملہ ایم کیو ایم کے ممبر سازی کیمپ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی جانب سے کیا گیا اور ملزمان کیمپ پر کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جس کے پھٹنے سے ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی محمد حسین، عبد اللہ اور سیف الدین خالد سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے، دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو قطر اور عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔


ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کریکر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں زخمی ہونے والے کارکنان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے جبکہ الطاف حسین نے حملے میں زخمی ہونے والے ارکان اسمبلی کو بھی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ایم کیو ایم کے کیمپ پر کریکر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کا نوٹس لے لیا ہے، قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرکے اس میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کی بھی ہدایت کردی ہے۔
Load Next Story