آسٹریلیا نے میلبورن گراؤنڈکی نحوست سے چھٹکارا پا لیا

آسٹریلیا نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کی نحوست سے چھٹکارا پاتے ہوئے پروٹیزکو یہاں پہلی بار شکست دے دی۔


AFP/Sports Desk November 22, 2014
میزبان نے سیریز3-1 سے اپنے نام کر لی اب اتوار کو سڈنی میں آخری میچ رسمی کارروائی ثابت ہوگا۔فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلیا نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کی نحوست سے چھٹکارا پاتے ہوئے پروٹیزکو یہاں پہلی بار شکست دے دی،ٹیم نے چوتھے ون ڈے میں فتح کیلیے درکار 268 رنز49 اوورزمیں7 وکٹ پر بنالیے، اسٹیون اسمتھ کی سنچری نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

جنوبی افریقی کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کے91 رنز رائیگاں رہے، میزبان نے سیریز3-1 سے اپنے نام کر لی، اب اتوار کو سڈنی میں آخری میچ رسمی کارروائی ثابت ہوگا۔تفصیلات کے مطابق سیریز کے چوتھے ون ڈے میں کامیابی کیلیے268رنز کا تعاقب کرنے والے کینگروز ابتدائی 25 اوورز میں 98پر5 وکٹیں گنواکر مشکلات میں گھرچکے تھے، ایسے میں اسمتھ اور ویڈ نے121کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کردیا، ویڈ 52رنز بنانے کے بعد45ویں اوور میں میدان بدر ہوئے،اسمتھ نے کیریئر کی دوسری سنچری بنائی، انھوں نے فالکنر کے ساتھ48رنز کی شراکت سے اسکور برابرکیا تاہم پھر 104رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

وننگ رن نئے آنے والے بیٹسمین پیٹ کمنز نے بنایا، فالکنرنے 19 گیندوں پرناقابل شکست34رنز اسکور کیے، ڈیل اسٹین اور وین پارنیل نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں، اس سے قبل جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹ پر267 رنز بنائے،کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے 91 کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی،انھوں نے ڈیوڈ ملر کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلیے122 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، ڈیوڈ ملر نے61 گیندوں پر45رنز اسکورکیے،ہاشم آملا18، کوئنٹن ڈی کاک17اور فاف ڈوپلیسی 28 رنز پر پویلین رخصت ہوئے، فرحان بہردین 22رنز بنانے کے بعد 49ویں اوور میں وارنر کے ڈائریکٹ تھرو پر وکٹ کھوبیٹھے، پیٹ کمنز اور جیمز فالکنر نے 2،2 پلیئرز کوپویلین چلتا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں