یو اے ای میں پہلی بار مصباح الحق کھاتہ نہ کھول سکے

مصباح الحق نے یو اے ای میں اب تک 32 اننگز کھیلی ہیں گذشتہ روز وہ پہلی بار صفر کی خفت کا شکار ہوئے۔

مصباح الحق نے مجموعی طور پر اماراتی میدانوں میں 64.40کی اوسط سے 1610رنز بنائے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

مصباح الحق یو اے ای کی اپنی32اننگز میں پہلی بار کھاتہ کھولے بغیر پویلین جا پہنچے۔

انھیں نیوزی لینڈ سے دبئی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اس خفت کا سامنا کرنا پڑا، روس ٹیلر نے پاکستان کیخلاف پہلی ٹیسٹ سنچری بنا دی، دبئی میں مسلسل 6میچز نتیجہ خیز ثابت ہونے کے بعد پہلا مقابلہ ڈرا ہوا۔ تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے یو اے ای میں اب تک 32 اننگز کھیلی ہیں،گذشتہ روز وہ پہلی بار صفر کی خفت کا شکار ہوئے، انھوں نے مجموعی طور پر اماراتی میدانوں میں 64.40کی اوسط سے 1610رنز بنائے ہیں۔


یونس خان یہاں 57.94کی ایوریج سے 1970رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہیں۔توفیق عمر کی چوتھی اننگز کے دباؤمیں ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے، انہوں نے 2004کے بعد سے اب تک میچ کی آخری باری میں صرف 14.69کی اوسط سے رنز بنائے، اس میں سب سے زیادہ اسکور39ہے، پہلی، دوسری اور تیسری اننگز میں ان کی ایوریج 39.18رہی۔ روس ٹیلر نے اپنے طویل کیریئر میں 12ویں لیکن پاکستان کیخلاف پہلی سنچری بنائی۔

اس سے قبل 2 بار نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والے بیٹسمین مجموعی طور پر 5ففٹیز اپنے نام کے آگے درج کرانے میں کامیاب ہوئے تھے،انھوں نے گرین کیپس کیخلاف مجموعی طور پر 44.61کی اوسط سے رنزکیے ہیں۔ دبئی میں مسلسل 6میچز نتیجہ خیز ثابت ہونے کے بعد پہلا مقابلہ ڈرا ہوا،کیویز کیخلاف ٹیسٹ سے قبل یہاں گرین کیپس 4 میں فاتح رہے،2 میں حریف ٹیمیں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کامیاب رہیں۔ پاکستانی اسپنرز ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے دبئی میں 15وکٹیں 26.93کی اوسط سے حاصل کیں۔

کیوی سلو بولرز کریگ اور سودھی نے 67.60کی ایوریج سے صرف 5شکار کیے، مارک کریگ نے اس میچ میں 9چھکے کھائے، 2001کے بعد کسی بھی کیوی بولر کے ساتھ پہلی بار اتنا برا سلوک ہوا ہے، ٹم ساؤتھی آخری 4نمبرز پر بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ چھکوں کی ففٹی مکمل کرنے میں وسیم اکرم کے ہمسر بن گئے، سابق کپتان نے یہ ہدف 110اننگز میں حاصل کیا تھا جبکہ ساؤتھی نے60اننگز استعمال کیں۔
Load Next Story