مغربی تہذیب کے دلدادہ پاکستان میں خاندانی نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں سراج الحق

ملک میں صرف مسلح دہشتگرد نہیں بلکہ سیاسی و معاشی دہشتگرد بھی ہیں جنہوں نے ہرچیزکو یرغمال بنا رکھا ہے، امیرجماعت اسلامی

جماعت اسلامی امیر اور غریب کا فرق ختم کرے گی اور ایسا اسلامی معاشرہ قائم کرے گی جہاں تعلیم مفت ہوگی،سراج الحق۔ فوٹو : این این آئی/فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ مغربی تہذیب کے دلدادہ پاکستان میں خاندانی نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں لیکن ہم اسلامی پاکستان کی تحریک چلائیں گے اور یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان مستقبل سپر پاور بنے گا اور عالم اسلام کی قیادت کرے گا۔



لاہور میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں 3 روزہ اجتماع کے دوسرے روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں صرف مسلح دہشتگرد نہیں بلکہ سیاسی اور معاشی دہشتگرد بھی موجود ہیں جنہوں نے ہر چیز کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی امیر اور غریب کا فرق ختم کرے گی اور ایسا اسلامی معاشرہ قائم کرے گی جہاں تعلیم مفت ہوگی جبکہ غیر مسلم بھی کہتے ہیں کہ ان کی عزت اسلامی معاشرے میں محفوظ ہوگی۔


امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مجھےتو کوئی ایسی تحریک یاد نہیں،جس میں خواتین شریک نہ ہوں اوروہ کامیاب ہوئی ہو، پہلےخواتین کی نمائندگی لبرل خواتین کرتی تھیں لیکن اب ہماری خواتین ان کی نمائندگی کریں گی اور اسلامی نظام میں کوئی باپ اپنی بیٹی کو تعلیم نہیں دلوائے گا تواس کو سزابھی دیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ جتنی اسلام کے خلاف سازشیں ہورہی ہے یہ اتنا ہی پھیلتا جارہا ہے، یہ یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان مستقبل کا سپر پاور، خلافت کا مرکز اور عالم اسلام کی قیادت کرے گا۔ پوری دنیا پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کی معترف ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں لوڈشیڈنگ کیوں ہے، یہاں کا ہر بچہ عالمی بینکوں کا مقروض کیوں ہے اس کی بڑی وجہ چند اداکار ہیں جنہوں نے عوام کو یرغمال بنالیا اور وقت آچکا ہے کہ ظالموں کے خلاف نتیجہ خیز جدوجہد کی جائے گی۔

Load Next Story