کالا باغ ڈیم کیلئے تمام صوبوں کے آگے ہاتھ جوڑنے کو تیار ہیں چوہدری پرویز الٰہی

لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کالا باغ ڈیم ناگزیر ہے اوراگر کسی کو نام پسند نہیں تو پاکستان ڈیم رکھ لیں، رہنما (ق) لیگ

اگر کالا باغ ڈیم بنالیا گیا تو تھر اور چولستان کو بھی سیراب کیا جاسکتا ہے،پرویز الہیٰ ۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

HARIPUR:

مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ ملک سے بجلی کے خاتمے کے لئے کالا باغ ڈیم ناگزیر ہے اس کے لئے تمام صوبوں کے آگے ہاتھ جوڑنے کو بھی تیار ہیں اور اگر کسی صوبے کو ڈیم کا نام پسند نہیں تو پاکستان ڈیم رکھ لیں۔


بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم بننے کے بعد سب سے زیادہ پانی سندھ کو ملے گا جس کے حصے میں 4 ملین ایکڑ فٹ تک پانی آئے گا جب کہ خیبرپختونخوا کو 2.2 ملین ایکڑ فٹ، بلوچستان 1.5 اور پنجاب کے حصے میں 2 ملین ایکڑ فٹ پانی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 40 لاکھ کیوسک پانی ضائع ہورہا ہے اور اگر کالا باغ ڈیم بنالیا گیا تو تھر اور چولستان کو بھی سیراب کیا جاسکتا ہے، اس وقت بنگلادیش، سری لنکا اور بھارت میں ڈیموں کے ذریعے سستی بجلی پیدا کی جارہی ہے، 18 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کرنے والا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔



مسلم لیگ ق کے رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک ہی خاندان حکمرانی کر رہا ہے جبکہ باقی تمام رو رہے ہیں، پنجاب حکومت ہماری 5 سالہ کارکردگی کا موازنہ اپنی 10 سالہ حکومت سے کرلے، وزیراعلی شہباز شریف نے کسانوں اور پنجاب کے عوام کو کچھ نہیں دیا،دھاندلی سے حکومت لی جاسکتی ہے لیکن کی نہیں جاسکتی، عوام موجودہ حکومت کا جلد احتساب کریں گے۔ انہوں نے وزیراعلی شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف کے حکم پر ماڈل ٹاؤن میں 15 افراد کو قتل کیا گیا جن کے اصل قاتلوں کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا۔


جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ حکومت جھوٹے نعروں کے ذریعے عوام کو دھوکا دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تاہم دھونس اور دھاندلی کے ذریعے حکومت قائم تو ہوسکتی ہے لیکن چل نہیں سکتی، دھرنے کی وجہ سے عوام میں اپنے حقوق کے لئے شعور پیدا ہوا ہے، اس وقت ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات درپیش ہیں لیکن حکومت اپنے مفادات کے پیچھے بھاگ رہی ہے اور جھوٹے نعروں کے ذریعے عوام کو دھوکا دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کو صوبہ بنانے کے لئے عوام کو کئی بار دھوکا دیا گیا جبکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نہتے لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا لیکن 3 ماہ گزر جانے کے باوجود 14 افراد کے قاتلوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جو حکومت کی بددیانتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) نے عوامی جلسوں کا آغاز کردیا ہے اور اس کے پہلے جلسے میں ہی لوگوں کا جم غفیر موجود ہے، مسلم لیگ (ق) قائد اعظم کے اصولوں پر چل رہی ہے اور جلد ایک فعال جماعت بن کر سامنے آئے گی اور عوام کی خدمت کے سلسلے کو دوبارہ شروع کرے گی۔
Load Next Story