قوم پرستوں نے آج سندھ بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا

بشیر قریشی قتل کا مقدمہ درج نہ کرنے، بلدیاتی آرڈیننس اسمبلی میں پیش کرنے پر ہڑتال کا فیصلہ.


Numainda Express October 01, 2012
سندھ یونیورسٹی میںامتحانات ملتوی،حیدرآباد کے تاجروں کا مارکیٹیں کھلی رکھنے کا اعلان فوٹو: پی پی آئی فائل

PARIS: قوم پرست جماعتوں نے آج( پیر) سندھ میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

جیے سندھ قومی محاذ نے چئیرمین بشیر خان قریشی کے قتل کا مقدمہ داخل نہ کرنے اور جسم کے اعضاء کیمیائی تجزیے کے لیے بیرون ملک نہ بھیجنے جبکہ سندھ بچائو کمیٹی نے سندھ پیپلز لوکل آرڈینینس کو سندھ اسمبلی میں پیش کیے جانے کے خلاف آج سندھ بھر میں شٹر بند و پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف انجمن تاجران حیدرآباد کے صدر سلیم وہرہ نے کہا ہے کہ آج (پیر) حیدرآباد کی تمام مارکیٹیں اور بازار کھلے رہیں گے۔

جسقم کی پہیہ جام ہڑتال کے سبب سندھ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے ہیں جن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سندھ بس آنرز ایسوسی ایشن کے صدر میر افضل خان نے ہڑتال کے موقع پر سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف جسقم کی ہڑتال کے بعد حیدرآباد میں پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ سندھ بچائو کمیٹی کے ترجمان کے مطابق سندھ پیپلز لوکل آرڈینینس کو سندھ اسمبلی میں پیش کیے جانے کے خلاف (آج) پیر کو سندھ بھر میں شٹر بند و پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔

دریں اثنا بشیر خان قریشی کے قتل کا مقدمہ درج نہ کیے جانے کے خلاف جسقم کے کارکنوں نے میونسپل آفس ٹنڈو محمد خان کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ٹنڈو محمد خان سے نامہ نگار کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے نئے بلدیاتی آرڈیننس کو متوقع طور پر سندھ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیے جانے کے خلاف اتوار کی شام موٹر سائیکل پر سوار مشتعل نوجوانوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی اور تمام کاروباری مراکز بند کرادیے اور ڈپٹی کمشنر آفس کے قریب ٹریلر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے ٹریلر کو جزوی نقصان پہنچا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ بجھا دی جبکہ سیکڑوں افراد نے دھرنا دے کر گرڈ اسٹیشن کے قریب مین حیدرآباد روڈ بلاک کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں