پہلوانوں کے شہر میں تحریک انصاف کے سونامی کی تیاریاں مکمل لوگوں کی آمد

جلسے میں سیکیورٹی کیلئے داخلی اور خارجی راستوں پر24 سی سی ٹی وی کیمرے نصب جبکہ 2ہزار 200پولیس اہلکار تعینات کئےگئے ہیں


ویب ڈیسک November 23, 2014
وقت کے ساتھ ساتھ لوگوں کے جوش و خروش میں اضافہ ہوتا جارہا ہے فوٹو: ایکسپریس نیوز

جناح اسٹیڈیم میں تحریک انصاف کے سونامی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں جبکہ لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں تحریک انصاف کے جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جلسہ گاہ میں 3 اسٹیج تیار کئے گئے ہیں جن میں ایک تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر اعلیٰ قیادت کے لئے مختص ہے جبکہ ایک اسٹیج مقامی عہدیداروں اور ایک میڈیا کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ جلسے میں شرکت کے لئے پنڈال میں 20 ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ جلسے میں شرکت کے لئے آنے والی خواتین اور مردوں کے لئے الگ الگ راستے مختص کئے گئے ہیں، لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ لوگوں کے جوش و خروش میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، خواتین اور بچوں نے تحریک انصاف کے پرچم کے رنگوں والے کپڑے زیب تن کررکھے ہیں، اس کے علاوہ منچلوں نے اپنے چہرے پر تحریک انصاف کے پرچم اور گو نواز گو کے نعرے لکھ رکھے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کے تحت اسٹیڈیم میں جلسے کے باعث کسی بھی نقصان کا ازالہ تحریک انصاف کرے گی، جلسے کے اندر سیکیورٹی کی تمام تر ذمہ داری تحریک انصاف کے رضاکاروں کی ہے جبکہ جلسہ گاہ کے باہر سیکیورٹی کے فرائض پولیس سرانجام دے رہی ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے جناح اسٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں پر 24 جدید کیمرے فنکشنل کر دیئے ہیں جسے کنٹرول روم ڈی سی او آفس سے مانیٹر کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔